اسلام آباد کے ہسپتال میں آتشزدگی کا خوفناک حادثہ، 15 نومولود بچے جاں بحق، ایک کو بچا لیا گیا
ایئر کنڈیشنر کمپریسر میں دھماکے کا شبہ،امدادی کارروائیاں اور ہسپتال میں چیخ و پکار، تحقیقات جاری
اسلام آباد : 26 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال 'پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز' (پمز) کے زچہ و بچہ وارڈ میں آتشزدگی کا ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ اس ہولناک حادثے کے نتیجے میں 15 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچے کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آگ ہسپتال کی عمارت کی تیسری منزل پر واقع نرسری وارڈ میں لگی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثہ ایئر کنڈیشنر (AC) کے کمپریسر میں اچانک دھماکے کی وجہ سے پیش آیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے وارڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے وقت نرسری میں کل 16 نومولود بچے موجود تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں اور 4 ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔ تاہم، شدید دھوئیں اور آگ کی شدت کے باعث 15 بچوں کو نہ بچایا جا سکا۔ اس دردناک حادثے کے بعد ہسپتال کے احاطے میں کوہرا مچ گیا اور بچوں کے لواحقین پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے اور ہسپتال کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com