پوارواڑی پولس کی بڑی کارروائی؛ 19 مویشیوں سمیت 7.72 لاکھ روپے کا سامان ضبط
مالیگاؤں : 25 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) پوارواڑی پولیس نے منگل کی صبح درے گاؤں-مالیگاؤں روڈ پر قومی پٹرول پمپ کے سامنے مویشیوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر لے جانے والے ایک ٹرک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19 مویشی، ایک ٹرک اور ایک تلوار سمیت مجموعی طور پر 7 لاکھ 72 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، منگل کی صبح تقریباً 7.15 بجے درے گاؤں شیوار میں قومی پٹرول پمپ کے سامنے ایک بھورے رنگ کے ٹرک میں مویشیوں کو مشتبہ حالت میں لے جایا جا رہا تھا۔ پولیس نے ٹرک کو روک کر تلاشی لی تو اس میں مختلف رنگ و عمر کے 19 مویشی پائے گئے۔ پولیس کے مطابق، ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا کہ ان مویشیوں کو غیر مناسب طریقے سے باندھ کر ذبح کرنے کی غرض سے منتقل کیا جا رہا تھا۔کارروائی کے دوران پولیس نے تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا ٹرک (MH 11 AL 6403)، مختلف نسلوں کے 19 مویشی اور تقریباً ایک ہزار روپے مالیت کی لوہے کی تلوار ضبط کی۔ ضبط شدہ تمام سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 7 لاکھ 72 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
اس معاملے میں پولیس کانسٹیبل ونود چوان کی شکایت پر پوارواڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، معاملے میں بھگوت رامبھاؤ ناگرے (55)، ساکن دھامنگاؤں پیٹ، تعلقہ اکولے، ضلع اہلیہ نگر کے علاوہ ناظم اور نعیم نامی دو افراد کے ملوث ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ ناظم اور نعیم کے مکمل نام تاحال معلوم نہیں ہو سکے اور دونوں فرار بتائے جا رہے ہیں۔یہ کارروائی پوارواڑی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر راہول کھتل کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ معاملے کی مزید تفتیش پولیس کانسٹیبل سوریہ ونشی کر رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com