ناسک ضلع کلکٹر کا مالیگاؤں دورہ: SIR مہم میں 50 فیصد ڈیجیٹائزیشن مکمل،ڈیجٹائزیشن کو شفاف طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت
ضلع کلکٹر آیوش پرساد کی پریس کانفرنس، سیاسی پارٹیوں کی آفس پر لوگوں کے جمع ہونے کی سخت ممانعت
مالیگاؤں سے 20 ہزار ووٹ ڈیلیٹ، عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، ڈرافٹ کی اشاعت کے بعد ڈیلیٹ شدہ ناموں کو دوبارہ شامل کرنے کا موقع ملیگا
مالیگاؤں: 21 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) ناسک ضلع کے کلکٹر آیوش پرساد نے ووٹر لسٹ کی خصوصی شدید نظرثانی (SIR) مہم کے حوالے سے مالیگاؤں کا دورہ کیا اور بی ایل او سپروائزرز کے ساتھ اہم میٹنگ کی۔اس طرح کی تفصیلات دیتے ہوئے کلکٹر نے بتایا کہ 50 فیصد ڈیجیٹائزیشن مکمل ہو چکی ہے،انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بی ایل اوز اور انکے سپروائزرس کو ہدایت دی ہے کہ باقی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے دو شفٹوں میں کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ادھار کارڈ یا دسویں جماعت کے رزلٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ البتہ انوملی کی صورت میں متعلقہ کاغذات جمع کیے جا سکتے ہیں۔
کلکٹر نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ BLA تعینات کریں تاکہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ تاہم کسی بھی سیاسی پارٹی کے دفتر یا کارپوریٹر کے دفتر پر لوگوں کے جمع ہونے کی سخت ممانعت کر دی گئی ہے۔کلکٹر نے بتایا کہ مالیگاؤں شہر میں 700 بی ایل اوز اور ان کے 70 سپروائزرز بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ کلکٹر نے سپروائزرز کو شفافیت کے ساتھ کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ جن ووٹرز کی SIR میپنگ ہو چکی ہے، ان کی جانب سے اب تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر سے اب تک پورے ناسک ضلع سے 89 ہزار اور مالیگاؤں سے 20 ہزار ووٹ ڈیلیٹ کیے جا چکے ہیں۔کلکٹر نے عوام کو یقین دلایا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ڈرافٹ رولز کی اشاعت کے بعد ڈیلیٹ ہونے والے ناموں کو دوبارہ شامل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی۔


0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com