پوارواڑی پولیس کا کریک ڈاؤن، گٹکا مافیا پر شکنجہ، این ڈی پی ایس اور اقدامِ قتل کے ملزمان گرفتار
گرنا ندی میں سیلابی کیفیت راہول کھتاڑ کی عوام سے اپیل، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
مالیگاؤں:7 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) پوارواڑی پولس اسٹیشن کے سینئر پولس انسپکٹر راہول کھتاڑ نے گزشتہ چند روز کے دوران پولس کی جانب سے انجام دی گئی اہم کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پولس کی مہم آئندہ بھی پوری سختی کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائیاں سپرنٹنڈنٹ آف پولس ڈاکٹر سوامی، ایڈیشنل ایس پی گنجال اور ڈی وائے ایس پی بروال کی رہنمائی میں ڈی بی اسٹاف کے اے پی آئی پاٹل، حوالدار سانگے اور حوالدار اوباڑے کی ٹیم نے انجام دیں۔
راہول کھتاڑ نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مانسون کے دوران گرنا ندی میں پانی کی سطح اچانک بڑھ سکتی ہے، اس لیے کوئی بھی شخص ندی کے درمیان یا پانی کے بہاؤ والے حصے میں داخل نہ ہو۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برسوں میں کئی افراد ندی میں پھنس گئے تھے جنہیں فائر بریگیڈ اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت ریسکیو کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ معمولی لاپرواہی بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے شہری احتیاط کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے برسات کے موسم کے پیشِ نظر شہریوں سے خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی۔
راہل کتھاڑ کے مطابق پوار واڑی پولس نے ایک کریانہ دکان پر چھاپہ مار کر تقریباً 43 ہزار روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکا ضبط کیا۔ اس کارروائی میں ملزم ندیم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ تفتیش کے دوران سپلائر مدثر کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ پولس نے واضح کیا کہ گٹکے کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور پورے سپلائی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کرانہ دکانداروں اور پان ٹپری مالکان کو بھی سخت تنبیہ کی گئی ہے۔
پولس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد توفیق محمد رفیق کو گرفتار کیا، جبکہ گزشتہ ہفتے ایک اور منشیات فروش کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔اسی طرح اقدامِ قتل کے ایک سنگین مقدمے میں مطلوب ملزم حسن شاہ عرف حسن ڈنڈو کو گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو چار روزہ پولس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے۔
سینئر پولیس انسپکٹر راہول کھتاڑ نے کہا کہ پوارواڑی پولس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے، منشیات، گٹکا اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com