مالیگاؤں میں پولیس کی بڑی کارروائی: لاکھوں روپے مالیت کا گٹکا اور پان مسالہ ضبط ، دو ملزمان گرفتار، شیخ حیات فرار
مالیگاؤں :یکم جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ)دیانہ رمضان پورہ پولیس نے منشیات اور ممنوعہ تمباکو مصنوعات کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس ٹیم نے لاکھوں روپے مالیت کے گٹکا، پان مسالہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔30 جون کو دیانہ رمضان پورہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں فوڈ سیفٹی آفیسر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایک پک اپ گاڑی (نمبر MA 41 AY 2539) روکی۔ گاڑی کے اندر سے بڑی مقدار میں وِمل گٹکا، پان مسالہ اور تمباکو کی پوڑیاں برآمد ہوئیں۔ ان اشیاء کو باہر سے نظر نہ آنے کے لیے پلاسٹک کی کریٹ سے ڈھک کر چھپایا گیا تھا۔
پولس کے مطابق وِمل گٹکا کی 497 پوڑیاں (مالیت تقریباً 38,560 روپے)،وِمل پان مسالہ کی 3297 پوڑیاں (مالیت تقریباً 58,072 روپے)اور دیگر تمباکو مصنوعات سمیت کل مالیت تقریباً 1.47 لاکھ روپے ضبط کی گئی وہیں برآمد شدہ گاڑی کی مالیت ایک لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔گرفتار ملزمان کی شناخت شیخ کامل شیخ کلیم (28 سال، اقصٰی کالونی، رمضان پورہ) اور شیخ اشفاق شیخ غفار (26 سال، عدو مقادم چوک، رمضان پورہ) کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ تیسرا ملزم شیخ حیات شیخ شکیل (اسلام آباد، حیات مسجد کے قریب) فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ ملزمان مہاراشٹر حکومت کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جولائی 2025 سے گٹکا، پان مسالہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کی پابندی کے باوجود ان کی اسمگلنگ اور فروخت کر رہے تھے۔ اس سلسلے میں دیانہ رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 108/2026 درج کیا گیا ہے، جس میں انڈین پینل کوڈ کی مختلف دفعات اور فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کی شقیں شامل ہیں۔
ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ٹیم کی مشترکہ کارروائی کی تعریف کی جا رہی ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھان بین جاری ہے۔یہ کارروائی شہر میں نشہ آور اشیاء کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس سے عوام میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com