مالیگاؤں کے مضافات میں انگلش میڈیم اسکول کا شیخ آصف کے ہاتھوں افتتاح
عضباء سوسائٹی کا قابل ستائش اقدام، تعلیم کے بغیر قوم کا مستقبل نہیں، شیخ آصف کی مخاطبت
مالیگاؤں : 5 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کے مضافات سر سید نگر ،طاہرہ پارک،شیخ رشید نگر ،ہارون انصاری نگر و اطراف کے علاقوں پر مشتمل ایک کثیر آبادی رہائش پذیر ہیں اور یہاں معیاری تعلیم بالخصوص انگلش اسکول کا کوئی نظم نہ ہونے سے بچے علم کی روشنی سے محروم رہ جاتے تھے یا انہیں دور دراز کے علاقوں میں علم حاصل کرنے جانا پڑتا تھا لیکن عضبا سوسائٹی نے اس علاقے میں ایک انگلش اسکول کا قیام کر طلباء کو علم کی روشنی فراہم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ۔جو قابل تعریف ہے ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار مالیگاؤں شہر کے سابق رکن اسمبلی و اسلام پارٹی کے قائد شیخ آصف نے کیا ،انہوں نے کہا کہ عضباء سوسائٹی کے تحت رونق آباد سے یہ تعلیمی سفر یہاں تک پہنچا اور ایک نئے انگریزی اسکول کا افتتاح آج کیا گیا ۔اس موقع پر آصف شیخ نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغیر تعلیم کے سماج کا کوئی مستقبل نہیں۔
اس تقریب میں عضباء سوسائٹی کے ذمہ داران میں پرویز خان بابر سمیت ، سوسائٹی کے اراکین اور وارڈ کے کارپوریٹر اسلم انصاری ،ریاض میمن کے علاوہ شہر کے سرکردہ تعلیمی افراد میں ارم اسکول کے ہیڈ ماسٹر الحاج مختار قریشی سر سمیت دیگر تعلیمی شخصیات موجود تھیں ۔ شیخ آصف نے کہا کہ عضباء سوسائٹی نے شہر کے ان علاقوں میں جہاں اردو اسکولز مناسب نہیں چل رہے،انگریزی تعلیم کا آغاز کیا ہے، جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سوسائٹی کی بنیاد ایک چھوٹے کمرے سے ہوئی تھی اور آج یہ تعلیمی، سماجی اور مذہبی کاموں میں فعال ہے۔
آصف شیخ نے کہا کہ تعلیم ہر گھر تک پہنچنی چاہیے۔ حال ہی میں شیخ رشید کوچنگ کلاسز کا آغاز بھی ہوا ہے، جس کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے عضباء سوسائٹی کے اراکین کو مشورہ دیا کہ اسکول کھولنے سے صرف داخلے نہیں آئیں گے، بلکہ گھر گھر جا کر والدین اور بچوں کو تعلیم کی اہمیت سمجھانی پڑے گی، خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دی جائے۔
شیخ آصف نے متنبہ کیا کہ آگے چل کر انتظامیہ میں اختلافات اور مقدمات سے بچنا چاہیے، کیونکہ اس کا نقصان طلباء کو ہوتا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کو تعلیم کے ذریعے ترقی اور مقابلے میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔یہ اسکول مقامی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا ایک اہم قدم ہے، جو سماج کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ تقریب کے دوران ووٹر لسٹ کی SIR فارم بھرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔ شیخ آصف نے شہر میں متعدد سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کیا اور ووٹروں سے اپیل کی کہ ۲۹ جولائی تک فارم ضرور بھریں تاکہ نام ووٹر لسٹ سے نہ کاٹا جائے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com