مالیگاؤں میں پرائیوٹ بجلی کمپنی کی لاپرواہی ایک ماہ میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، اسمبلی میں آواز بلند

مالیگاؤں میں پرائیوٹ بجلی کمپنی کی لاپرواہی، ایک ماہ میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، اسمبلی میں شدید ہنگامہ


شان ہند و مستقیم ڈگنٹی کی ایماء پر ابو عاصم اعظمی کی اسمبلی میں نمائندگی ، مالیگاؤں کے ایم ایل اے خاموش 


 

ممبئی : 8 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں شہر میں بجلی کمپنی کی مبینہ لاپرواہی اور مسلسل حادثات کے سبب ہورہی اموات پر سماجوادی پارٹی کی صدر شان ہند و مستقیم ڈگنیٹی نے ایوان اسمبلی میں نمائندگی کرنے اور بجلی کمپنی کی لاپرواہی کیخلاف آواز بلند کرنے کا ابو عاصم اعظمی سے مطالبہ کیا تھا ۔جس پر آج مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون سیشن میں مالیگاؤں شہر میں بجلی کی ناقص فراہمی اور نجی کمپنی کی مبینہ مجرمانہ لاپرواہی کا معاملہ انتہائی شدت کے ساتھ گونج اٹھا۔ سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہوئے انکشاف کیا کہ مالیگاؤں میں گزشتہ محض ایک ماہ کے دوران کرنٹ لگنے کے مختلف حادثات میں 4 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔​اسپیکر راہول نارویکر کی صدارت میں جاری ایوان کی کارروائی کے دوران ابو عاصم اعظمی نے ضابطہ 293 کے تحت توجہ طلب نوٹس پیش کیا۔ انہوں نے انتہائی دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو نوجوان اور دو معصوم بچے شامل ہیں۔ 

ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ مالیگاؤں میں گزشتہ 6 سالوں سے نجی کمپنی 'ایم پی ایس ایل' (MPSL) پاور سپلائی کا کام دیکھ رہی ہے، لیکن اس کی لاپرواہی اب عوام کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔​عاصم اعظمی نے کمپنی کے طریقہ کار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود کمپنی نے مالیگاؤں میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے (Infrastructure) کو مضبوط یا جدید نہیں کیا۔ شہر میں ایل ٹی (LT) اور 11/33{ KV} کی ہائی وولٹیج لائنیں انتہائی خستہ حال اور ننگی تاروں کی صورت میں لٹک رہی ہیں، جو روزانہ کسی نہ کسی بڑے حادثے کو دعوت دے رہی ہیں۔

​رکن اسمبلی نے ایوان کو بتایا کہ سماجوادی پارٹی اور مالیگاؤں کے مقامی شہریوں کی جانب سے مسلسل لٹکتے ہوئے تاروں کو ہٹا کر 'بنچ کنڈکٹر' اور محفوظ 'اے بی کیبلز' لگانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کئی مرتبہ عوامی تحریکیں اور احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے، لیکن کمپنی اور متعلقہ انتظامیہ نے اب تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔


​سماجوادی پارٹی کے رہنما نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ​نجی بجلی کمپنی 'ایم پی ایس ایل' کے خلاف فوری طور پر مجرمانہ لاپرواہی کا مقدمہ درج کر کے اس کا احتساب کیا جائے۔​مالیگاؤں کے پورے بجلی نیٹ ورک کو ہنگامی بنیادوں پر اپ گریڈ اور جدید (Modernize) کیا جائے۔​مستقبل میں ایسے المناک اور دلخراش حادثات کو روکنے کے لیے تمام بوسیدہ تاروں کو فوری تبدیل کیا جائے۔​ایوان میں اس معاملے پر دیگر ارکان نے بھی تشویش کا اظہار کیا، جبکہ حکومت کی جانب سے اس پر جلد سخت اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔خیال رہے یہ کام مالیگاؤں شہر کے رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل کو کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے اسمبلی کے ایوان میں حاضری لگائی ہے یا نہیں یہ تو وہ خود بتائیں گے لیکن ابو عاصم اعظمی نے شان ہند و مستقیم ڈگنٹی کی ایماء پر اسمبلی میں آواز بلند کر مالیگاؤں سے ہمدردی ثابت کردی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے