انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں محمد ذیشان عرفان احمد نے شاندار کامیابی کے ساتھ اول مقام حاصل کیا


انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں محمد ذیشان عرفان احمد نے شاندار کامیابی کے ساتھ اول مقام حاصل کیا

مالیگاؤں : 27 جون (ایس این انصاری) شہر مالیگاؤں کے ہونہار طالب علم محمد ذیشان عرفان احمد نے ممبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین اور اساتذہ بلکہ پورے شہر کا نام روشن کر دیا۔ یہ مقابلہ بروز سنیچر 27 جون 2026 کو منعقد ہوا، جس میں مختلف شہروں اور ریاستوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ محمد زیشان اس سے قبل بھی تعلقہ اور ریاستی سطح کے متعدد کراٹے مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔ کم عمری میں حاصل کی گئی یہ کامیابیاں ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہیں، جبکہ انٹرنیشنل سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

محمد ذیشان اس وقت اے۔ٹی۔ٹی۔ ہائی اسکول، مالیگاؤں کی نویں جماعت کے طالب علم ہیں۔ وہ معروف انجینئر عرفان احمد کے فرزند ہیں۔ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی ان کی مسلسل کامیابیاں نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال ہیں کہ محنت، مستقل مزاجی اور لگن کے ذریعے بڑے سے بڑا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اس شاندار کامیابی پر محمد زیشان کے والدین، اساتذہ، کوچز، عزیز و اقارب اور شہر کی مختلف سماجی و تعلیمی شخصیات نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اہلِ شہر نے امید ظاہر کی ہے کہ محمد ذیشان مستقبل میں قومی اور عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے