مالیگاؤں میں 8 کروڑ 80 لاکھ کے الیکٹرک بس منصوبے کا سنگِ بنیاد؛ 11 ہزار کالونی میں بس ڈپو کی تعمیر کا آغاز
مرکزی و ریاستی حکومت کے اشتراک سے 26 ماحولیات دوست بسیں چلائی جائیں گی، ادھورے گارڈن پروجیکٹ کی انکوائری کا فیصلہ
مالیگاؤں: 27 جون (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر اور تعلقہ کے عوام کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک انقلابی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ 11 ہزار کالونی کے قریب شہر کے پہلے الیکٹرک بس (ای-بس) منصوبے کا باقاعدہ سنگِ بنیاد اسلام پارٹی کی اولین میئر کے ہاتھوں رکھ دیا گیا ہے۔ مرکزی اور مہاراشٹر حکومت کے تعاون سے منظور ہونے والے اس اہم پروجیکٹ پر 8 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم سے نہ صرف شہریوں کو سستی اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ شہر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔اس طرح کی تفصیلات کارپوریٹر حاجی خالد شیخ رشید و میئر نسرین شیخ نے دی۔منصوبے کا سنگِ بنیاد میئر نسرین شیخ، گٹ نیتا خالد حاجی، اسلم انصاری ، سلیم انور، جلیل شاہ،اجو لہسن والا ،اسٹینڈنگ چیئرمین اعجاز بیگ اور کارپوریشن کے اعلی افسران و دیگر ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر کارپوریٹرز اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
میئر و خالد شیخ رشید کے مطابق اس پراجیکٹ کے تحت مالیگاؤں شہر اور مضافاتی علاقوں کے لیے کل 26 جدید الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔ ان بسوں کیلئے شہر کے اندرونی اور تنگ راستوں کے لیے 20 بسیں 9 میٹر لمبائی کی مخصوص کی گئی ہیں۔اسی طرح تعلقہ اور طویل روٹس کے لیے 6 بڑی بسیں 12 میٹر لمبائی کی چلائی جائیں گی۔11 ہزار کالونی کے متصل واقع اراضی پر بسوں کے لیے ایک وسیع اسٹیشن، جدید گیراج، انتظامی عمارت اور ہائی ٹیک چارجنگ پوائنٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انجینئر اے بی واگھ اور متعلقہ کنٹریکٹر نے موقع پر ہی تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
کروڑوں روپے کے ادھورے گارڈن پروجیکٹ پر تشویش؛ انکوائری کا مطالبہ
سنگِ بنیاد کی تقریب کے دوران سابقہ دورِ حکومت میں الیکشن سے قبل منظور ہونے والے 5 کروڑ روپے کے گارڈن پروجیکٹ کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے میئر و اراکین نے شدید برہمی کا اظہار کیا کہ کروڑوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود زمین پر صرف ڈھائی سے تین فٹ کی ادھوری وال کمپاؤنڈ کے علاوہ کچھ موجود نہیں ہے۔"اس گارڈن میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا شبہ ہے۔ ہم پیر کے روز میونسپل کمشنر سے ملاقات کر کے ٹینڈر کی کاپی اور ایسٹیمیٹ حاصل کریں گے اور اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کا مطالبہ کریں گے تاکہ عوام کا پیسہ ضائع نہ ہو۔"موجودہ بلدیاتی قیادت آصف شیخ رشید، مستقیم ڈگنیٹی، اعجاز بیگ اور دیگر کارپوریٹرس نے شہریوں کو یقین دلایا کہ نئے بجٹ میں 11 ہزار کالونی اور ملحقہ علاقوں کی ترقی کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اگلے 4 سے 6 ماہ کے اندر سڑکوں کی تعمیرِ نو، ڈرینیج سسٹم کی بحالی، پائپ لائنوں کی تنصیب اور پینے کے پانی کی ٹنکیوں کی مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر لیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر رہنماؤں نے اس اہم منصوبے کی منظوری پر مرکزی اور ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com