معاشرتی برائیوں اور گرتی ہوئی اخلاقیات پر جمعیۃ علماء فکر مند، دینی و اخلاقی تعلیم ہر گھر تک پہنچانے کا عزم
دینی مکاتب وقت کی اہم ضرورت، اجتماعی تعاون ناگزیر،جمعیۃ علماء مدنی روڈ کی ہنگامی میٹنگ، مفتی حامد ظفر ملی رحمانی کا خطاب
مالیگاؤں: (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء مدنی روڈ مالیگاؤں کے زیر اہتمام آج بعد نمازِ عشاء مسجد عمر بن خطاب میں ایک اہم و ضروری میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں تنظیم کے اراکینِ عاملہ، منتظمہ اور مدعوئینِ خصوصی نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت جمعیۃ علماء مدنی روڈ مالیگاؤں کے صدر حاجی جعفر جانی صاحب نے کی، جبکہ جنرل سیکریٹری مفتی حامد ظفر ملی رحمانی نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شہر اور مضافات کے مسلم بچوں اور بچیوں کو بنیادی دینی و اخلاقی تعلیم فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
میٹنگ میں مختلف علاقوں میں دینی مکاتب کے قیام، تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ، دینی تعلیمی نظام کو مزید مضبوط و منظم بنانے اور عوامی تعاون حاصل کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے اجتماعی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
مفتی حامد ظفر ملی رحمانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء مدنی روڈ دینی تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی صحیح رہنمائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے تمام اراکین اور ذمہ داران کے تعاون کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کی اپیل کی۔ اجلاس میں متعدد اہم تجاویز پیش کی گئیں جن پر آئندہ عملی اقدامات کے لیے اتفاقِ رائے پایا گیا۔ آخر میں صدرِ اجلاس حاجی جعفر جانی صاحب نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دینی و تعلیمی خدمات کے لیے اتحاد و تعاون کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران جمعیۃ علماء مدنی روڈ مالیگاؤں کے جنرل سیکریٹری مفتی حامد ظفر ملی رحمانی نے کہا کہ دینی مکاتب کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ یہی ادارے نئی نسل کو قرآنِ کریم، اسلامی تعلیمات اور بہترین اخلاق سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء مدنی روڈ شہر کے مختلف علاقوں میں دینی تعلیمی سرگرمیوں کو منظم اور مستحکم بنانے کے لیے سنجیدہ منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ والدین، علماء کرام، سماجی کارکنان اور مخیر حضرات کو اس مشن میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے تاکہ ہر بچے اور بچی تک بنیادی دینی تعلیم پہنچ سکے۔ مفتی حامد ظفر ملی رحمانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ جمعیۃ علماء کی یہ کوششیں معاشرے میں دینی شعور بیدار کرنے اور نئی نسل کی بہتر تربیت میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے میٹنگ میں شرکت کرنے والے تمام اراکینِ عاملہ، منتظمہ اور مدعوئینِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تجاویز اور مشوروں کی روشنی میں جلد ہی عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com