ناسک ضلع میں دو دن کا ریڈ الرٹ، ضلع کلکٹر جلج شرما کی عوام سے باخبر رہنے کی اپیل
ضلع کے کئی مقامات پر سیلابی کیفیت ، کئی گاؤں کا رابطہ منقطع، سرکاری مشنری کو چوکس رہنے کی ہدایت
عوام بلا ضرورت گھر کے باہر نہ نکلیں، سیر و تفریح سے پرہیز کریں، کمزور عمارتوں کے مکین بھی چوکس رہیں
ناسک: 28 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مرکزی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق ناسک ضلع کے لیے آج اتوار اور کل بروز پیر کا ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس پس منظر میں ضلعی انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہوگئی ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ شہریان سے بھی ہوشیار رہنے کی اپیل ضلع کلکٹر جلج شرما نے کی ہے۔ اس طرح کی پریس ریلیز محکمہ انفارمیشن نے جاری کی، پریس ریلیز کے مطابق ضلع میں کل سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس پس منظر میں ضلع کلکٹر نے انتظامی ایجنسیوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ کہا گیا ہے کہ تمام افسران اور ملازمین بشمول میونسپل کارپوریشن، ضلع پریشد، نگر پنچایت، سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او)، تحصیلدار کے ساتھ ساتھ تلاٹھی، گرام سیوک، اور پولس انتظامیہ کو چوکنا رہنا چاہیے۔
ضلع کلکٹر اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تعلقہ کے عہدیداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ ضرورت پڑنے پر تمام متعلقہ اداروں کو شہریان کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ضلع میں مسلسل بارش کے باعث ضلع کے تمام ڈیم اوور فلو ہوگئے ہیں۔ ڈیموں سے ندی میں پانی چھوڑے جانے سے ضلع کے کچھ مقامات میں سیلاب آ گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ پانی بہنے کی صورت میں سڑکوں اور پلوں کو عبور نہ کریں۔ چونکہ ضلع کے ندی نالوں میں طغیانی ہے، اس لیے ندی کے کناروں پر رہنے والوں کو ہوشیار رہنا چاہیے۔ کسانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے جانوروں اور زرعی سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کریں۔ شہریوں کو ضرورت پڑنے پر ہی باہر نکلنا چاہیے۔ حکومت اور انتظامیہ عوام کے تحفظ کے لیے تیار ہے اور کسی بھی صورت میں گھبرانا نہیں چاہیے۔ شہری انتظامیہ کی طرف سے آنے والی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ محفوظ مقامات پر رہیں، پرانی یا خطرناک عمارتوں میں رہنے والوں کو خاص خیال رکھنا چاہیے۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں، مدد کے لیے قریبی انتظامی دفتر یا امدادی مرکز سے رابطہ کریں۔ ضلع کلکٹر جلج شرما نے بھی اپیل کی ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com