مالیگاؤں میں روہنگیائی اور بنگلہ دیشیوں کے جنم داخلے کی جانچ پڑتال کیلئے ایس آئی ٹی کی تشکیل، محکمہ داخلہ کا حکمنامہ جاری


مالیگاؤں میں روہنگیائی اور بنگلہ دیشیوں کے جنم داخلے کی جانچ پڑتال کیلئے SIT کی تشکیل 



محکمہ داخلہ کا حکمنامہ جاری، اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولس کمیٹی کے صدر نامزد


کیا مالیگاؤں شہر میں روہنگیائی اور بنگلہ دیشیوں کے جنم داخلے بنا کر دیئے گئے ہیں؟جانچ رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کا حکم 




ممبئی : 8 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر میں روہنگیائی اور بنگلہ دیشیوں کے جنم داخلے بنا کر دیئے جانے کے معاملے میں اب مزید سخت رخ سرکار اختیار کررہی ہیں ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کریٹ سومیا نے مالیگاؤں شہر میں دورہ کرتے ہوئے کارپوریشن اور تحصیل آفس میں باز پرس کی اور بتایا کہ پندرہ سو جنم داخلے کس طرح بنائے گئے اسکی مکمل جانکاری دی جائے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مالیگاؤں شہر میں بنگلہ دیشی اور روہنگیائی آباد ہورہے ہیں ۔اس ضمن میں انہوں نے مہاراشٹر سرکار سے جانچ کا مطالبہ کیا تھا ۔اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے مہاراشٹر سرکار نے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم ( SIT) کے قیام کیا ہے ۔اس سلسلے میں مہاراشٹر سرکار کے وزارت داخلہ نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق "اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولس ، ناسک زون، ناسک کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی کمیٹی (ایس آئی ٹی) تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ حکومت کو موصول ہونے والی ان شکایات کی تحقیقات کی جا سکے کہ آیا مالیگاؤں تحصیلدار آفس/میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بنگلہ دیشیوں اور روہنگیائی عوام کے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔ 

ہوم منسٹری نے حکمنامہ میں کہا کہ مذکورہ کمیٹی کو جانچ کرنی چاہیے کہ آیا اس معاملے میں موصول ہونے والی شکایات درست ہیں اور کیسے؟، اور اگر یہ پایا جاتا ہے کہ تحصیلدار آفس، مالیگاؤں اور میونسپل کارپوریشن، مالیگاؤں کی جانب سے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں تو حکومت کو مکمل احوال پیش کرے اور معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات تجویز کیے جائیں۔اس معاملے میں، مکمل رپورٹ چھ ماہ کے اندر حکومت کو پیش کی جانی چاہیے۔یہ حکمنامہ مہاراشٹر حکومت کے محکمہ داخلہ کے سرکل آفیسر اے جے گور نے 8 جنوری کو جاری کیا ہے ۔


ایس آئی ٹی میں شامل عہدیداران 

اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولس ، ناسک زون، ناسک(صدر)، ڈویژنل اسسٹنٹ کمشنر (شہری ترقی برانچ)، ڈویژنل کمشنر آفس، ناسک(ممبر)، ایڈیشنل کلکٹر، ناسک(ممبر)، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس ، مالیگاؤں، ناسک(ممبر سیکرٹری) ۔


اس حکمنامہ کی ایک ایک کاپی، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، مہاراشٹر اسٹیٹ، ممبئی،ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ محصول، وزارت، ممبئی، پرنسپل سکریٹری، محکمہ شہری ترقی، وزارت، ممبئی، اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولیس، ناسک زون، ناسک، ڈویژنل اسسٹنٹ کمشنر (اربن ڈیولپمنٹ برانچ) کمشنر آفس ناسک، میونسپل کمشنر، مالیگاؤں، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ناسک، ایڈیشنل کلکٹر، ناسک، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، مالیگاؤں،آفس غیر ملکی-1 کو بھی دی گئی ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے