کارپوریشن انتخابات جمہوری اصولوں کی بقاء کیلئے بغیر کسی تاخیر کے کرائے جائیں
مارچ 2025 سے پہلے کارپوریشن انتخابات ہو، رئیس شیخ کا وزیر اعلیٰ پھڑنویس سے مطالبہ
ممبئی : 30 دسمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کے قانون ساز ممبر رئیس شیخ نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کو خط لکھا ہے جس میں ریاستی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 7 مارچ 2025 سے پہلے برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) سمیت مہاراشٹر کے بلدیاتی اداروں کے انتخابات کروائے۔اسی طرح نائب وزیر اعلیٰ اور شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے کو بھی لکھے گئے خط میں مہاراشٹر کے بلدیاتی اداروں میں کارپوریشن میں جمہوری حکومت کی بحالی میں طویل تاخیر پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
اپنے خط میں، رئیس شیخ نے زور دیا کہ ایشیا کا سب سے بڑا مقامی خود مختار حکومتی ادارہ BMC 7مارچ 2022 سے منتخب نمائندوں کے بغیر کام کر رہا ہے، جب اس کی پچھلی مدت ختم ہوئی تھی۔ بی ایم سی پر موجودہ پرشاشک 7 مارچ 2025 تک اپنے عہدے میں تین سال مکمل کرنے والا ہے۔ "یہ ہندوستانی جمہوریت کے لیے فخر کی بات نہیں ہے کہ ملک کا مالیاتی دارالحکومت اتنے عرصے سے عوامی نمائندوں کے بغیر چلایا جا رہا ہے"۔
شیخ نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ریاست میں 29 میونسپل کارپوریشنوں، 228 میونسپل کونسلوں، 29 نگر پنچایتوں، 26 ضلع پریشدوں اور 289 پنچایت سمیتیوں کے انتخابات باقی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ انتخابات بشمول بی ایم سی کے انتخابات جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے بغیر کسی تاخیر کے کرائے جائیں۔
ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے بعد، سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات کی تیاری کر رہی ہیں، جن میں بی ایم سی سمیت مہاراشٹر کے دیگر بلدیات کے انتخابات بھی شامل ہیں، بی ایم سی ملک کا سب سے امیر شہری ادارہ ہے۔ 2 فروری کو، اس ادارہ نے سال 2024-25 کے لیے 59,954.75 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا۔
تاہم، ذرائع بتاتے ہیں کہ وارڈز کی تعداد، فی وارڈ کارپوریٹر کی تعداد، اور وارڈز کی تشکیل کے عمل سے متعلق سپریم کورٹ میں جاری مقدمات کی وجہ سے یہ انتخابات اپریل سے پہلے ہونے کا امکان نہیں ہے۔
ریاست کے تمام 29 میونسپل کارپوریشنوں کے ساتھ ساتھ تقریباً 280 نگر پریشدوں اور نگر پنچایتوں کے انتخابات ابھی باقی ہیں۔ یہ بلدیاتی ادارے فی الحال منتظمین کے زیر انتظام ہیں۔ بعض صورتوں میں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات 2 سے 3 سال تک تاخیر کا شکار ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بی ایم سی مارچ 2022 میں اپنی میعاد ختم ہونے کے بعد ڈھائی پونے تین سال سے ایک مقرر اہلکار کے زیر انتظام ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com