مہاراشٹر کے نتائج پر مرکزی حکومت کا انحصار ، چناؤ کے بعد حکومت گر جائے گی، اکھلیش یادو کا دعویٰ
یہ صرف چناؤ نہیں بلکہ اصولوں کی لڑائی ہے، سماجوادی پارٹی محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے: اقراء حسن
مالیگاؤں چھوٹا یوپی ہے، میں چناؤ امیدواری کررہی ہوں، ایسی ووٹ دو کہ مالیگاؤں سے حیدرآباد اور آر ایس ایس تک کرنٹ لگ جائے :شان ہند
چاہے کچھ بھی ہوجائے شان ہند کیلئے مالیگاؤں کی سیٹ لیکر رہیں گے، مہاراشٹر کے مسلمانوں حفاظت کا ذمہ ہم لیتے ہیں، ابو عاصم اعظمی کے دلی جذبات اجاگر
موسلادھار بارش کے باوجود جلسہ عام میں ہزاروں افراد کی شرکت،مالیگاؤں سے شان ہند سمیت مہاراشٹر کے پانچ امیدواروں کے ناموں کا اعلان
مالیگاؤں : 18 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ایم پی اکھلیش یادو نے یہاں دعویٰ کیا ہے کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کا مستقبل مہاراشٹر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر منحصر ہے۔ اکھیلش یادو نے مزید کہا کہ اگر مہاراشٹر میں بدعنوان عظیم مخلوط حکومت کو شکست ہوئی تو مرکزی حکومت یقینی طور پر گر جائے گی۔
اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جمعہ کی رات عزیز کلو اسٹیڈیم منعقدہ سماجوادی پارٹی کی جانب سے جن ادھیکار سبھا سے اکھلیش یادو اور پارٹی کی اسٹار کمپینر ایم پی اقرا حسن کی موجودگی میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ میں شہر مالیگاؤں کی ہزاروں عوام کا ہجوم تھا۔جلسہ شروع ہونے سے پہلے ہی موسلا دھار بارش شروع ہو گئی تاہم موسلا دھار بارش میں بھی لوگ جلسہ گاہ میں موجود رہے۔ اس وقت مقررین کو ہاتھ میں چھتریاں لیے کھڑے ہو کر تقریر کرنی پڑی۔ اس موقع پر یادو نے مالیگاؤں سے سماج وادی مہیلا لیڈر نہال احمد کی بیٹی شان ہند کو مالیگاؤں سینٹرل حلقہ اسمبلی سے سماج وادی پارٹی کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ممبرا ممبئی سے ابو عاصم اعظمی ،مالیگاؤں سے شان ہند نہال احمد بھیونڈی ایسٹ سے رئیس شیخ،بھیونڈی ویسٹ سے ریاض اعظمی اور دھولیہ سے ارشاد جاگیر دار کے ناموں کا اعلان کیا ۔اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ بارش، آندھی طوفان، سماجوادی پارٹی کا طوفان لگ رہا ہے ۔یہ اس بات کی علامت ہے کہ آئندہ اسمبلی چناؤ میں عوام اسی طرح ووٹوں کی بارش کریگی اور سماجوادی پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کریگی ۔اس موقع پر یادو نے یقین ظاہر کیا کہ مالیگاؤں کے لوگ ایس پی امیدوار کو اسی طرح ووٹ دیں گے جس طرح جلسہ عام کے دوران بارش ہورہی ہیں۔
یادو نے اپوزیشن کے باوجود حالیہ ہریانہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت پر سوال اٹھایا۔ لوک سبھا انتخابات میں متوقع کامیابی نہ ملنے کے بعد بی جے پی مایوس پارٹی ہے۔ ایسے میں یہ پارٹی اسمبلی انتخابات جیتنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، یادو نے مہاراشٹرا میں مہا وکاس اگھاڑی کی اتحادی جماعتوں کو اس سلسلے میں محتاط اور خبردار رہنے کا مشورہ دیا۔
اس موقع پر پارٹی کے ریاستی صدر ایم ایل اے ابو اعظمی نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے شان ہند کیلئے مالیگاؤں کی سیٹ لیکر رہیں گے، آپ مہاراشٹر میں 8 سے دس ایم ایل اے چن کر دے دو کسی کی ماں نے دودھ نہیں پلایا ہے کہ وہ مسلمانوں پر ظلم کر کے بتائیں، مہاراشٹر کے مسلمانوں حفاظت کا ذمہ ہم لیتے ہیں، ابو عاصم اعظمی اپنے دلی جذبات کا اظہار کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم شان ہند کی امیدواری کا اعلان کرتے ہیں ۔ہم سب مل کر مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر کے مسلمانوں کی نمائندگی کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ جب مالیگاؤں میں بم دھماکے ہوئے تو نیتا جی ملائم سنگھ یادو کو میں نے مالیگاؤں لاکر 50 لاکھ کی امداد تقسیم کی تھی۔یہ غریبوں کے ہمدرد ہیں انکا ساتھ دیں اور سماجوادی پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کریں ۔
اس جلسہ عام سے میں شان ہند نے جذباتی انداز میں کہا کہ میں اسمبلی چناؤ میں امیدواری کررہی ہوں، ایسی ووٹ دو کہ مالیگاؤں سے حیدرآباد اور آر ایس ایس تک کرنٹ لگ جائے۔موصوفہ نے کہا کہ مالیگاؤں سے پورے مہاراشٹر میں تبدیلی آئے گی، عوام کا جوش و جذبہ بتا رہا ہے کہ اب سماجوادی کا پورے ملک میں راج آئے گا ۔اکھلیش یادو اور اقراء حسن مالیگاؤں کے مسلمانوں کو یاد رکھنا، وقف ترمیمی بل ہو یا اقلیتوں پر مظالم ہوں آپ ہمارے رہنما کے طور پر کھڑے رہنا ۔مالیگاؤں چھوٹا یوپی ہے ۔یہاں یوپی کے زیادہ لوگ مقیم ہیں ۔وہاں بلڈوزر کی سیاست سے مسلمان پریشان ہیں ۔انہیں تحفظ دینے کا کام اکھلیش یادو کرینگے ۔مالیگاؤں سے لیکر یوپی تک مآب لنچنگ ہو یا مسلمانوں پر ظلم، ہر جگہ اکھلیش یادو اور سماجوادی پارٹی کے لوگ ظلم کے خلاف کھڑے رہیں گے ۔شان ہند نے کہا کہ مالیگاؤں کی عوام جس طرح نہال احمد صاحب کے ساتھ کھڑی رہی آج اسی طرح کھڑے رہنے کا وقت آگیا ہے ۔ہم اکھلیش یادو سے وعدہ کرتے ہیں کہ مالیگاؤں سے یوپی تک مالیگاؤں کی عوام سماجوادی کیساتھ کھڑے رہیگی ۔
اقراء حسن نے کہا کہ یہ شہر محنت کشوں کا شہر ہے ۔میں سب کو سلام عرض کرتی ہوں ۔سماجوادی پارٹی مزدوروں و بنکروں کیساتھ کھڑے رہتی ہے ۔سماجوادی پارٹی عوام کے وقار کو بڑھانے کیلئے آئی ہے۔مہاراشٹر میں بھی مسلمانوں کے ساتھ سماجوادی پارٹی کھڑی ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے غرور کو توڑنے میں سماجوادی پارٹی کا اہم رول رہا ہے ۔مہاراشٹر میں چناؤ شروع ہوگئے ہیں ۔اس لئے ہمیں جوش سے اور ہوش سے کام لینا ہے ۔یہ چناؤ بہت اہم ہے ۔اس لئے شان ہند کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیں ۔شان ہند کی جس طرح اس بارش میں شروعات ہورہی ہے اسی طرح میری بھی شروعات ہوئی تھی اور میں کامیاب ہوئی آپ بھی شان ہند کو کامیاب کریں ۔یہ صرف چناؤ نہیں بلکہ اصولوں کی لڑائی ہے ۔
اس کے علاوہ رضوان خان سر نے کہا شہر کے سابق و موجودہ ایم ایل اے بندوق اور گولی کی سیاست کررہے ہیں ۔ایک تو اپنے 25 بھائیوں اور پانچ سو ورکروں کی بات کرتے ہیں تو دوسرے موجودہ ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل قاسمی گندی بات کرتے ہیں ۔وہ ناکام ایم ایل اے ہیں ۔ہزار کھولی کی عوام انہیں سبق سکھائے گی ۔رضوان سر نے کہا کہ مفتی اسمٰعیل ہزار کھولی کی ماں بہنوں پر الزام لگاتے ہیں انہیں ہزار کھولی میں گھسنے نہیں دیا جائے گا ۔یہاں اطہر حسین اشرفی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ یادو اور اقراء لکھنؤ سے ہوائی جہاز سے اوجھر ہوائی اڈے پر پہنچے۔ وہاں سے شام پانچ بجے کے قریب مالیگاؤں شہر پہنچے۔ مالیگاؤں آمد پر پارٹی کے مقامی لیڈران مستقیم ڈگنیٹی و شان ہند کے علاوہ دیگر ذمہ داران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مالیگاوی پہنچنے کے بعد اکھلیش یادو نے منماڑ چوپھلی پر واقع ایک ہوٹل میں کچھ دیر قیام کیا۔اس موقع پر انہوں نے شہر کے مختلف سرکردہ شخصیات، تنظیموں اور شہر کے چنندہ ذمہ داران سے مالیگاؤں کے مسائل و بنکروں کے مسائل اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com