پاورلوم صارفین کیلئے اضافی بجلی بل میں رعایت کیلئے رجسٹریشن کی شرط ختم، کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بنکروں کو دیا وعدہ پورا کیا، ڈپٹی چیف منسٹر آفس منترالیہ سے سرکاری پریس ریلیز جاری
ٹیکسٹائل انڈسٹری منسلک تنظیموں اور مالیگاؤں ، اچل کرنجی سمیت ریاست کے بنکروں نے نائب وزیر اعلی اجیت پوار کا شکریہ ادا کیا
ممبئی : 13 اگست (پریس ریلیز) گزشتہ پانچ دنوں سے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار 'جن سنمان یاترا' کے موقع پر ریاست کے دورے پر ہیں۔ گزشتہ پانچ دنوں تک جاری رہنے والی 'جن سمان یاترا' کے دوران انہوں نے مالیگاؤں، اچل کرنجی اور ریاست کے دیگر حصوں کے پاور لوم مالکان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے بنکروں کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا۔ اسی مناسبت سے آج (13 اگست)کو منعقد ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں پاورلوم مالکان کو بجلی کے اضافی شرح میں رعایت کے لیے رجسٹریشن کی شرط میں نرمی کرنے کا ایک اہم فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طرف سے کی گئی پیروی کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ ریاست کے پاورلوم مالکان اور ٹیکسٹائل انڈسٹری ایسوسی ایشنز نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا ان کے مطالبات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔اس طرح کی ایک پریس ریلیز مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے محکمہ منترالیہ سے جاری کی گئی ہے،
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے 'جن سنمان یاترا' کے دوران ریاست کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے سماجی گروپوں سے ملاقات کی جن میں کسان، مزدور، خواتین، بہنیں، نوجوان، لوم چلانے والے، مزدور شامل ہیں۔ ان سے بات چیت کر کے ان کے مسائل کے بارے میں معلوم کیا۔اس یاترا کے دوران، مالیگاؤں، اچل کرنجی کے پاور لوم مالکان نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے سامنے اپنے مختلف مطالبات اور مسائل پیش کیے تھے۔ انہوں نے لوم ہولڈرز کے مطالبات کا خصوصی طور پر نوٹس لیا اور ان کے مسائل کو حل کرنے کا آج کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے اضافی بجلی کے بلوں میں رعایت کے لیے رجسٹریشن کی شرط میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 27 ہارس پاور سے زیادہ استعمال کرنے والوں کے لیے 75 پیسے فی یونٹ اور 27 ہارس پاور سے کم والوں کے لیے 1 روپے فی یونٹ اضافی بجلی کے بلوں میں رعایت دی جائے گی، جس سے ریاست کے لوم مالکان کو بڑا فائدہ ہوگا۔ مختلف عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل انڈسٹری ایسوسی ایشنز اور پاورلوم مالکان نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو ایک مطالباتی مکتوب پیش کیا تھا اور زبانی و تحریری طور پر اس شرط کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مالیگاؤں میں آصف شیخ رشید کے مکان پر تشریف لائے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اس مسئلہ کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کے چلتے اجیت پوار کی جانب سے پاورلوم مالکان کا یہ مسئلہ صرف چار دنوں میں حل ہونے سے لوم مالکان اور ٹیکسٹائل انڈسٹری ایسوسی ایشنز میں اطمینان کا ماحول ہے اور لوم مالکان ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔اس طرح کی ایک تفصیلی پریس ریلیز روانہ کی گئی ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com