مالیگاؤں : باپ بیٹے دلخراش سڑک حادثہ میں جاں بحق ، ہزاروں سوگواران نے پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا



مالیگاؤں : باپ بیٹے دلخراش سڑک حادثہ میں جاں بحق ، ہزاروں سوگواران نے پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا



سابق اسکول بورڈ چیئرمین نثار راشن والا اور جواں سال بیٹے ابرار شیخ  کا انتقال،سیاسی لیڈران، سرکردہ شخصیات، علماء کرام اور برادران وطن کا اظہار تعزیت


مالیگاؤں : 17 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) یوم عاشورہ بروز بدھ 17 جولائی کو صبح ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان شہر میں ایک غمناک خبر آئی کہ سابق اسکول بورڈ چیئرمین شیخ نثار شیخ اکبر المعروف نثار بھائی راشن والا اور انکے جواں سال بیٹے شیخ ابرار بھی دلخراش سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ۔اس حادثے میں  باپ کی میت کو دیکھ کر دلبرداشتہ ہوئے بیٹے ابرار حادثے کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ بھی اس داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔ان للہ وانا الیہ راجعون! ۔

اس ضمن میں سابق کارپوریٹر حاجی خالد شیخ رشید نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نثار راشن والا روزانہ کے معمول کے مطابق اپنے بیٹے شیخ ابرار کو نماز فجر کے بعد تفریح کیلئے لے جایا کرتے تھے ۔آج بھی معمول کے مطابق وہ اپنے بیٹے کو ٹو وہیلر پر بیٹھا کر تفریح کیلئے نکلے تھے کہ شہر سے متصل ممبئی آگرہ ہائی وے سوند گاؤں پھاٹا مالدہ شیوار کے پاس پیچھے سے ارہی ایک پک اپ گاڑی نے زور کی ٹکر دے ماری جس کے سبب شیخ نثار راشن والا کے سر کے پچھلے حصے پر گہری چوٹ لگی اور خون زیادہ بہہ جانے سے جائے حادثہ پر انکا انتقال ہوگیا ۔اس ٹو وہیلر پر سوار بیٹے ابرار شیخ کو بھی چھوٹیں آئی اور انہوں نے اپنے فون سے گھر والوں کو اس حادثے کی اطلاع دی ۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور متعلقین فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور دونوں کو ایمبولینس میں شہر کے ایک نجی اسپتال لایا گیا ۔یہاں والد کی حالت دیکھ کر بیٹے ابرار بھی انتقال کرگیا ۔خالد شیخ رشید نے مزید بتایا کہ قانونی کارروائی کیلئے شہر کے جنرل اسپتال میں انہیں لے جایا گیا اور باپ بیٹے کی لاشیں اہل خانہ کے سپرد کی گئی ۔اس خبر کے منظر عام پر آتے ہی نثار راشن والے کے مکان بجرنگ واڑی میں شہر بھر سے متعلقین و رشتہ داروں اور عوام کا جم غفیر آنے لگا ۔تین بجے دونوں مرحومین کا جلوس جنازہ بجرنگ واڑی سے اٹھایا گیا ۔جلوس جنازہ میں ہزاروں عامتہ المسلمین نے شرکت کی ۔تدفین آج ہی شام  چار بجے شہر کے بڑا قبرستان میں عمل میں آئی ۔نماز جنازہ مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے ادا کیا ۔ ہزاروں سوگواران نے شیخ نثار شیخ اکبر اور بیٹے شیخ ابرار شیخ نثار کو سپرد خاک کیا ۔اس موقع پر حاجی خالد شیخ رشید نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دونوں مرحومین کے حق میں مغفرت کی دعا کی اور پسماندگان کا صبر جمیل کی تلقین کی ۔یہاں اعجاز بیگ، مستقیم ڈگنیٹی سمیت درجنوں سیاسی شخصیات اور سیکڑوں سماجی افراد کیساتھ ساتھ علماء کرام اور برادران وطن نے اس حادثے پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

تدفین سے قبل شہر کی سابق میئر طاہرہ شیخ رشید نے بھی انکے مکان پر پہنچ کر مرحوم کی دونوں بیوہ کو تسلی دی اور اظہارِ تعزیت پیش کیا ۔سابق ایم ایل اے آصف شیخ رشید نے بھی نثار راشن والا اور انکے بیٹے کے انتقال پر اظہار تعزیت اور پیش کیا۔ مرحوم شیخ نثار راشن والے کی عمر 58 سال اور انکے بیٹے ابرار شیخ کی عمر 18 سال بتائی گئی ہے ۔ مرحوم نثار بھائی کے پسماندگان میں دو بیٹے توصیف شیخ اور اظہر شیخ، دو بیٹیاں اور دو بیوہ بتائے گئے ہیں ۔مرحوم نثار راشن والا پوری خاندان کے سربراہ اور نیک ملنسار طبیعت کے مالک تھے ۔خاندان میں انکی عزت و مرتبہ اونچا تھا وہ ہر معاملے میں خاندان کی رہنمائی کرتے تھے ۔انکے اس طرح اس دنیا سے چلے جانے سے  اہل محلہ اور شہریان نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے