وعدہ خلاف اور دغاباز ہیں ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل قاسمی ، میں انکی مذمت کرتا ہوں، اطہر حسین اشرفی کا سنسنی خیز الزام
دارالعلوم خانقاہ اشرفیہ مالدہ کے وال کمپاؤنڈ پر مفتی اسمٰعیل نے ہمیں دھوکہ دیا اور تھپتھپایا ہے :حافظ ضیاء الرحمن اشرفی
عمرہ پر جانے سے قبل مدرسہ کے وال کمپاؤنڈ کا سنگ بنیاد پروگرام کر ایم ایل اے نے ہمارے جذبات سے کھلواڑ کیا
مالیگاؤں : 30 جون (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کے نامور مذہبی ادارہ دار العلوم خانقاہ اشرفیہ خوشامد پورہ کی برانچ مالدہ کے وال کمپاؤنڈ کو لیکر آج خانقاہ کے صدر حافظ ضیاء الرحمن اشرفی نے مہیش نگر میں مستقیم ڈگنیٹی و شان ہند کے بنگلہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل قاسمی نے مدرسہ کے وال کمپاؤنڈ کیلئے گزشتہ چھ ماہ قبل عمرہ پر جانے سے ایک دن قبل وال کمپاؤنڈ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔
موصوف رکن اسمبلی نے کارپوریشن سے وال کمپاؤنڈ تعمیر کرنے کا وعدہ ہی نہیں کیا بلکہ انہوں نے اس وال کمپاؤنڈ کا بجٹ بھی تیار کرنے کا ذکر کیا اور کہا کہ چند دنوں میں وال کمپاؤنڈ کی تعمیر شروع کردی جائے گی ۔کئی مہینوں تک ہمیں دلاسہ دیا جاتا رہا۔مدرسہ کے اطراف میں گندگی اور اتی کرمن بھی نہیں نکالا گیا ۔ہم نے بار بار مفتی اسمٰعیل سے کام کرنے کی توجہ مبذول کروائی لیکن انہوں نے ٹھیکہ دار ساجد عبد الرشید کے ذریعے کام کروانے کا عندیہ دیا پھر بھی کام نہیں ہوا ۔
حافظ ضیاء الرحمن اشرفی نے کہا کہ اس مدرسہ کے سرپرست اطہر حسین اشرفی ہیں ۔اس سلسلے میں جب ہم نے مستقیم ڈگنیٹی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کارپوریشن میں معلومات حاصل کی اور ہمیں کارپوریشن بلایا گیا ۔افیسران کے سامنے جب ٹھیکہ دار ساجد عبد الرشید کو طلب کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مدرسہ کے وال کمپاؤنڈ کا کوئی بجٹ نہیں ہے ۔اور نہ ہی ہمیں مفتی اسمٰعیل نے کسی کام کا بولا ہے بلکہ انہوں نے مجھکو کہا کہ مدرسہ کے ذمہ داران کو تھپتھپاتے رہو اور ٹہلاتے رہو ۔اس بات پر ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مفتی اسمٰعیل قاسمی نے ہمیں دھوکہ دیا ہے ۔ایک عالم دین ہوکر انہوں نے مدرسہ کے کام میں دھوکہ دہی کی ہے ۔اس لئے ہم نے سماجوادی لیڈران سے اس کام کو کروانے کا فیصلہ کیا ۔
اس پریس کانفرنس سے اطہر حسین اشرفی نے رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل قاسمی پر سنسنی خیز الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مفتی اسمٰعیل قاسمی ایک دغا باز اور وعدہ خلاف شخص ہے۔انہوں نے مدرسہ کے نام پر ہمیں بیوقوف بنایا ہے ۔میں انکی مذمت کرتا ہوں ۔اطہر حسین اشرفی نے مزید کہا کہ میں نے مفتی اسمٰعیل قاسمی کے لئے شہریان کے آگے جھولی پھیلا کر ووٹ مانگا ہے ۔میں نے فیصلہ کیا تھا کہ مرتے دم تک مفتی اسمٰعیل کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا لیکن انہوں نے ایسا دھوکہ دیا کہ ہمیں انکا ساتھ چھوڑنا پڑا ۔موصوف نے دلبرداشتہ ہوکر کہا کہ ایسے دغا باز شخص کو ایم ایل اے بنانے کا میں بھی مجرم ہوں اور اس گناہ کیلئے میں عوام سے معافی مانگتا ہوں ۔اطہر حسین نے کہا کہ مجھکو کئی بار ایسا لگا کہ مفتی اسمٰعیل قاسمی عوامی نمائندگی کا حق ادا کرنے میں ناکام ہورہے ہیں لیکن میں نے صبر سے کام لیا اور انتظار کرتا رہا کہ اب مفتی اسمٰعیل کچھ اچھا کام کرینگے لیکن جب انہوں نے میرے مدرسہ کے ساتھ ہی دھوکہ دہی کردی تو ہم نے فیصلہ لیا کہ اب مفتی اسمٰعیل کیساتھ نہیں رہنا ہے اور پھر میں نے سماجوادی لیڈران سے رابطہ کیا اور انکی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔اطہر حسین اشرفی نے کہا کہ ایک عالم دین، مفتی اور رکن اسمبلی ہونے کے باوجود وہ شہریان کو دھوکہ دے رہے ہیں میں انکی مذمت کرتا ہوں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com