پولس ناکام، لیڈران کا دبدبہ ختم، کیف قتل معاملہ میں سنیچر کو سماجوادی پارٹی کا کینڈل مارچ : شان ہند


پولس ناکام، لیڈران کا دبدبہ ختم، کیف قتل معاملہ میں سنیچر کو سماجوادی پارٹی کا کینڈل مارچ : شان ہند


مالیگاؤں : 19 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) پولس کیف قتل معاملہ میں مکمل طور پر ناکام رہی ، اس لئے کہ کیف کی لاش حاصل کر لینا کوئی کامیابی نہیں ۔ اگر انہیں زندہ پکڑا جاتا تو پولس کی کامیابی مانی جاتی ، لیکن حیرت کی بات ہے کہ سات دن تک کیف کا اغواء اسی کے اپنے محلے میں ایک ملزم کے گھر پر کیا گیا اور پولس اس بات سے لاعلم رہی جو کہ پولس کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے ۔ اس طرح کی تنقید سماجوادی پارٹی کی مقامی لیڈر شانِ ہند نے جمعرات کی شب میڈیا کو بیان دیتے ہوئے پولس انتظامیہ پر کیا ۔ موصوفہ نے کہا کہ اس سے دیڑھ سال قبل جعفر نگر علاقے سے عمرین نامی بچہ بھی لاپتہ ہوا تھا اور پولس اب تک اُس کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ۔ اس کے علاوہ سول اسپتال کے پیچھے خود دار نگر کی بستی سے بھی جھولے میں سے ایک معصوم بچے کا اغواء کر لیا گیا تھا اس کا بھی پتہ اب تک لگانے میں پولس ناکام رہی ۔ شانِ ہند نے کہا کہ پولس انتظامیہ پر عوام اور سیاسی لیڈران کا دبدبہ ختم ہوگیا ہے ۔ پولس کو اپنے مطلب کی کارروائی نظر آتی ہے ، جس کے خلاف ہم محمد کیف کے اہل خانہ کی حمایت میں حصول انصاف کے لئے سنیچر کو آگرہ روڈ شان ہند رابطہ آفس سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مجسمہ تک کینڈل مارچ کا اہتمام کریں گے ۔ شانِ ہند نے کہا کہ محمد کیف کو انصاف دلانے کے لئے حقوق انسانی کمیشن ، چائلڈ ویلفیئر کمیشن سمیت ریاستی و مرکزی چائلڈ کمیشن اور بچوں کے تحفظ و نگہداشت کے لئے کام کرنے والی ملک بھر کی تمام این جی اوز سے رابطہ کرتے ہوئے پولس انتظامیہ کی ناکامی اوراس سفاک قاتل پر فاسٹ ٹریک طریقے سے کارروائی ہو ا،اس کا مطالبہ کیا جائے گا ۔ شانِ ہند نے سنیچر کو کیف کی حمایت میں نکلنے والے کینڈل مارچ میں عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی گذارش کی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے