ناگپور مورچہ میں شان ہند کی پر جوش تقریر، سماجوادی پارٹی آنگن واڑی کرمچاریوں کے ساتھ قدم بہ قدم
ناگپور 16 دسمبر (پریس ریلیز) آنگن واڑی کرمچاریوں کے متعدد مطالبات کو حکومت سے منوانے کے لیےکُرتی سمیتی مہاراشٹر کی جانب سے 4 دسمبر سے ریاست گیر ہڑتال جاری ہے اس ہڑتال میں مالیگاؤں شہر کی آںگن واڑی کرمچاری سبھا کی صدر اور سماجوادی پارٹی کی لیڈر شان ہند کی قیادت میں محمد مسلم ڈھانڈے پہلوان، سلیم گڑبڑ اور عبدالرحمن انصاری کی نگرانی میں سیکڑوں خواتین کا مورچہ اپنے مطالبات کو منوانے کے لیے 15 دسمبر کو مالیگاؤں سے ناگپور پہنچا۔ علاوہ ازیں سلطان تانے ماما اور عمران جھوپے نے ان لوگوں کی بھرپور معاونت کی۔
مالیگاؤں سے ناگپور تک سفر کے تمام انتظامات کے علاوہ ناگپور میں بہترین طرز کے رہائش و طعام کا پورا نظم مستقیم ڈگنیٹی نے کیا اور پل پل ذمہ داران سے بذریعہ فون رابطے میں رہے اس دوران ابولیث بھائی اور معین بھائی نے سفر کو آرام دہ بنانے کے ساتھ ساتھ مورچے کو کامیاب کرانے کے لیے بھرپور تعاون کیا۔
سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے ایک لاکھ سے زائد کی تعداد میں احتجاج کررہے آنگن واڑی کرمچاریوں سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی ان کے ساتھ ہے اور اس حوالے سے وہ ناگپور اسمبلی ہال میں ابو عاصم اعظمی کے ہمراہ دیگر اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لے کر ایک بڑی طاقت کے ساتھ اس مطالبے کو حکومت سے منوانے کی کوشش کریں گے۔
احتجاج کررہے آنگن واڑی کرمچاریوں سے شان ہند نے پر جوش خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تو یہ انگڑائی ہے آگے بڑی لڑائی ہے۔ آنگن واڑی خواتین کو مطالبات تسلیم ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھنا ہے اور کسی بھی نوٹس سے گھبرانا نہیں ہے۔ساتھ ہی انھوں نے سماجوادی پارٹی کے لیڈر رئیس شیخ ، ابو عاصم اعظمی اور پارٹی کے ہر چھوٹے بڑے ذمہ داران کا اس مورچے کا ساتھ دینے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ آنگن واڑی کرمچاری اپنی تنخواہ میں اضافے، پینشن، ملازمت مستقل کرنے اور سرکاری درجہ دینے سمیت اپنے متعدد مطالبات حکومت سے منوانے کے لیے 4 دسمبر سے ہڑتال پر ہیں لیکن حکومت اپنی پرانی روش کو برقرار رکھتے ہوئے اس احتجاج اور کرمچاریوں کے مسائل سے پردہ پوشی کرتی نظر آرہی ہے۔مالیگاؤں شہر کے تقریبا ہر حصے مالدہ، دیانہ اور مضافات سے سیکڑوں کی تعداد میں آنگن واڑی کرمچاریوں نے ناگپور کے اس مورچے میں شرکت کی اور زبردست طریقے سے اپنا احتجاج درج کرایا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com