پاکستان : جشن میلاد النبیﷺ کے جلوس سے عین قبل مدینہ مسجد کے پاس بم دھماکہ 50 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی
پاکستان :( بیباک نیوز اپڈیٹ/ایجنسیز) پاکستان کے بلوچستان ضلع کے مستونگ میں جشن میلاد النبیؐ کے جلوس سے قبل مسجد کے قریب ہوئے ایک ’خودکش دھماکے‘ میں ایک پولیس افسر سمیت 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ پولیس بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق بازار میں ہونے والے دھماکے میں ابتدائی طور پر متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطاء المنعم کے مطابق دھماکہ مدینہ مسجد کے قریب ہوا، جہاں لوگ عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں شرکت کرنے کے لیے جمع ہو رہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔بعد ازاں نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ مستونگ دھماکے میں کم سے کم 50 افراد جاں بحق ہوئے اور 100 زخمی ہوئے، مستونگ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کر دیا گیا ہے، شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی آشیرباد سے دشمن بلوچستان میں مذہبی رواداری اور امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بےگناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔عید میلاد النبیﷺ کے موقعہ پر ملک کے مختلف علاقوں کی طرح بلوچستان میں موبائل فون سگنلز بند ہیں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com