مرحوم گلزار اعظمی کے فرزندان سے آصف شیخ کی ملاقات و اظہارِ تعزیت
جمیعتہ علماء اور گلزار اعظمی کے کاموں کو پورا کرنے مالیگاؤں ہمیشہ تیار رہیگا : آصف شیخ
ممبئی : 22 اگست (پریس ریلیز) جمیعتہ علماء ہند قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ الحاج گلزار اعظمی صاحب کے سانحہ ارتحال پر اظہارِ تعزیت کیلئے مالیگاؤں کے سابق ایم ایل اے آصف شیخ رشید نے آج دوپــہــــر 12 بجے بھنڈی بازار علاقے میں واقع گلزار اعظمی کے مکان پہنچ کر مرحوم کے فرزندان انوار اعظمی اور مختار اعظمی صاحبان سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا اور انہیں تسلی دینے ہوئے کہا کہ یہ صرف آپ کے خاندان کا نہیں بلکہ پوری ملّت کا نقصان عظیم ہے ۔گلزار اعظمی صاحب نے مالیگاؤں بم بلاسٹ کے بے قصور محروسین کیلئے جس عزم و حوصلہ کے ساتھ قانونی جدوجہــــد کی وہ ہم سب کیلئے ایک سبق ہے کہ حالات کتنے بھی مشکل ہوں ہم کو ہمت نہیں ہارنا چاہیے۔ آصف شیخ رشید نے دفتر جمیعتہ علماء پہنچ کر مولانا حلیم اللّہ قاسمی (جنرل سکریٹری) حافظ سعود (صدر جمیعتہ مہاراشٹر) مفتی محمد یوسف، حافظ عارف اور دیگر افراد سے ملاقات کرکے بھی اظہارِ تعزیت کیا اور یقین دہانی کرائی کہ جس طرح گلزار اعظمی کے حکم پر ہم یہاں آکر ملّی کاموں میں ہاتھ بٹاتے تھے اسی طرح آئندہ بھی جب کبھی آپ لوگوں کی طرف سے آواز دی جائیگی ہم اہل مالیگاؤں جمیعتہ کے ملّی کام میں شامل رہینگے۔
بہرحال آج جب مالیگاؤں کا وفد دفتر جمیعتہ علماء پر حاضر ہوا تو دفتر میں کافی ذمہ داران کی موجودگی کے باوجود گلزار اعظمی کی کرسی خالی پڑی تھی اور کسی مہمان کی آمد پر گلزار اعظمی کا جو وطیرہ خاص تھا جو انداز استقبال تھا وہ معدوم تھا اور ایک سناٹے کا ماحول چھایا ہوا تھا اور دل پر وحشت طاری ہوگئی تھی ۔ ہم اس غم و اندوہ کے ماحول میں مرحوم گلزار اعظمی کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اس خلاء کو اپنے فضل و کرم سے پر فرمائے ۔آمین ثم آمین ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com