کارپوریشن کی عدم دلچسپی سے شہر میں مسائل کا انبار، وی آئی پی کو سہولیات، غریبوں کو ٹھینگا شہر میں جنگل راج! عید گاہوں پر انتظامات نہیں ، کمشنر پھر لاپتہ،ایم ایل اے بھی خاموش


کارپوریشن کی عدم دلچسپی سے شہر میں مسائل کا انبار، VIP کو سہولیات، غریبوں کو ٹھینگا


 شہر میں جنگل راج! عید گاہوں پر انتظامات نہیں ، کمشنر پھر لاپتہ،MLA بھی خاموش


عید کو صرف پانچ دن باقی،خستہ حال راستوں کا پیچ ورک نہیں، جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ ندارد :آصف شیخ 


مالیگاؤں (پریس ریلیز ) مالیگاؤں شہر میں ایسا لگ رہا ہے کہ جنگل راج چل رہا ہے، کمشنر مالیگاؤں شہر کے مسلمانوں کو یہاں کا شہری تسلیم نہیں کرتے، اسی لئے عوام کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں، بار بار کمشنر سے مطالبہ کرنے کے باوجود شہر میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ نہیں کیا جارہا ہے،جگہ جگہ کچرا اور شہر بھر میں گندگی و تعفن خیز ماحول ہے ۔مسائل کا انبار لگا ہوا ہے ۔مسلمانوں کے مقدس رمضان المبارک کے آخری ایام اسی طرح کارپوریشن کی عدم دلچسپی سے گزر رہے ہیں اور اب عید الفطر کو صرف پانچ دن باقی ہیں ۔اتنے اہم مواقع پر بھی کارپوریشن کمشنر لاپتہ ہیں، مسلمانوں کے تہورا پر کوئی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔عید گاہوں کے راستوں کی خستہ حالی پر کارپوریشن پیچ ورک کرنے کا نام نہیں لے رہی ہیں ۔اسی طرح عید گاہوں پر ریتی، کھڑی مورم نہیں بچھایا گیا، ٹھیکہ دار کو ندی سے ریتی نکالنے نہیں دیا جارہا ہے ان تمام سنگین مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے اسے فوری طور پر حل کیا جائے ۔اسطرح کا ایک مطالباتی و انتباہی بیان آصف شیخ رشید نے آج میڈیا ذرائع سے کارپوریشن و پولس حکام کو دیا ہے۔آصف شیخ نے ڈمپنگ گراؤنڈ کا دورہ کرتے ہوئے بند پڑی مچھر مار گاڑیوں کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ لاکھوں آبادی والے شہر میں صرف ایک گاڑی سے پورے شہر میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے بقیہ 19 گاڑیاں بند پڑی ہوئی ہیں ۔اس جانب کارپوریشن توجہ دیں اور جلد از جلد مسائل کو حل کریں ورنہ ہم سخت تحریک چلائیں گے ۔آصف شیخ نے کہا کہ پھر کارپوریشن پر یا کسی بھی فرد پر کلر پھینک کر احتجاج کیا جائے گا اور اگر شہر کا لاء اینڈ آرڈر خراب ہوتا ہے تو کارپوریشن اسکی ذمہ دار ہوگی ۔آصف شیخ نے شہری ایم ایل اے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کمشنر انہیں اینٹی چیمبر میں بلا کر لکڑی کا لڈو دے دیتے ہیں اور ایم ایل اے صاحب خاموش ہوجاتے ہیں ۔آصف شیخ نے کہا کہ صرف جب جب منتری کمشنر کو بلاتے ہیں وہ مالیگاؤں آتے ہیں لیکن مسلمانوں کے سب سے بڑے تہوار پر انتظامیہ کی لاپرواہی اور کمشنر کی اندیکھی پالیسی سے ایسا لگتا ہے جیسے شہر میں جنگل راج چل رہا ہے ۔
آصف شیخ نے کہا کہ عید گاہوں پر بجلی ،پانی اور ریتی مورم وغیرہ کے ساتھ ساتھ صاف صفائی کو یقینی بنایا جائے،عید گاہ جانے والے تمام راستوں کی درستی کی جائے، شہر بھر میں صفائی کا خاص انتظام کیا جائے، کچرا بروقت اٹھایا جائے، مچھر مار دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جائے ۔آصف شیخ نے کمشنر کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی تو پھر سخت تحریک کا سامنا کرنے کیلئے کارپوریشن تیار رہیں ۔آصف شیخ نے پولس انتظامیہ و ایڈیشنل ایس پی سے اپیل کی ہے کہ امن کمیٹی کی میٹنگ میں کارپوریشن کے خلاف عام ناراضگی شہریان کی جانب سے بتائی جاتی ہیں مسائل اجاگر کئے جاتے ہیں اسکے بعد بھی کارپوریشن کوئی توجہ نہیں دیتی اور امن کمیٹی کی میٹنگ ختم ہوجاتی ہیں ۔آصف شیخ نے کہا کہ پولس انتظامیہ صرف خانہ پری کیلئے امن کمیٹی کی میٹنگ نہ لیں بلکہ کارپوریشن کو پابند بنائے یا پھر کارپوریشن کے خلاف سرکار کو رپورٹ کریں کہ شہر بھر میں کیا مسائل ہیں اور کارپوریشن کی کیا ذمہ داریاں ہیں، لاء اینڈ آرڈر کے مسائل کارپوریشن سے ہی جڑے ہوئے ہیں ۔لہٰذا پولس انتظامیہ بھی اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائے اسطرح کی اپیل بھی آصف شیخ نے مالیگاؤں پولس انتظامیہ سے کی ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے