کانپور کی کپڑا مارکیٹ میں آتشزدگی ، تقریباً ایک ہزار دکانیں آگ کی لپیٹ میں ، 6 کمپلیکس جل کر خاکستر
پچاس سے زائد فائر بریگیڈ، آگ پر قابو پانے مصروف ، فوج نے مورچہ سنبھالا، دس گھنٹوں سے آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں، 20 ارب روپے کے نقصان کا اندیشہ
کانپور :31مارچ(بیباک نیوز اپڈیٹ)اتر پردیش کے شہر کانپور میں بانسمنڈی کے مقام پر واقع اے آر ٹاور میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے رات 1.30 بجے کے قریب آتشزدگی کا خوفناک منظر عوام نے دیکھا۔ آگ سے 6 کمپلیکس میں تقریباً ایک ہزار دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں۔ جس سے اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جمعہ کی صبح ایک کثیر المنزلہ تجارتی عمارت میں لگنے والی آگ میں سیکڑوں دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پوری انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ فوج، فضائیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ کےعہدیداروں نے چارج سنبھال لیا ہے۔ کانپور، اناؤ، لکھنؤ سمیت کئی قریبی اضلاع سے فائر بریگیڈ کی 50 سے زیادہ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ہول سیل مارکیٹ میں لگنے والی آگ 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود نہ بجھائی جا سکی۔کمپلیکس میں مقیم ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی معلومات منظر عام پر آئی ہے ۔آگ سب سے پہلے اے آر ٹاور میں دکانوں کے باہر رکھے سامان میں لگی۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ نے لمحوں میں کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس کے بعد پورا تین منزلہ ٹاور جلنے لگا۔ اس کے بعد آگ حمراج کمپلیکس، نفیس ٹاور، ارجن کمپلیکس، مسعود کمپلیکس-1 اور مسعود کمپلیکس-2 تک پھیل گئی۔ ان 6 کمپلیکس سے آگ کے شعلے اور دھواں اب بھی اٹھ رہا ہے۔
نفیس ٹاور میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) ہے۔ یہ ٹاور بھی آگ کی لپیٹ میں ہے۔ آگ نے بینک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تاجر روی شنکر دوبے نے بتایا کہ ایک ہزار سے زائد دکانیں جل گئیں۔آگ لگنے سے 20 ارب یعنی دو ہزار کروڑ سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔
سینئر اہلکار کے مطابق آگ لگنے سے تقریباً 100 کروڑ روپے کا سامان اور نقدی جل کر خاکستر ہوگئی۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس (امن و قانون) آنند پرکاش تیواری نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے کئی فائر ٹینڈرز کو موقع پر پہنچایا گیا۔جے سی پی نے مزید کہا کہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے گھنٹوں جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانپور دیہات، اناؤ، لکھنؤ اور قنوج سمیت تمام پڑوسی اضلاع کو ایس او ایس کال کی گئی ہے، تاکہ آپریشن میں مدد کے لیے فائر ٹینڈر روانہ کیے جا سکیں۔اب گیارہ گھنٹے مکمل ہونے کو ہے آگ ابھی بھی جاری ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com