اردو گھر طالبان علم اور اہل اردو کیلئے شروع ، مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کیلئے سمینار کا انعقاد
طلباء اپنی زندگی کو آسان بنائیں اور مثبت فیصلہ لیں ، کامیابی ضرور ملیگی :ڈی وائے ایس پی
آئی اے ایس اور آئی پی ایس آفیسران کا لیکچر، اردو گھر سے فیضیاب ہونے طلباء کو مشورہ
مالیگاؤں :16 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) طلباء زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو اپنی زندگی کو آسان بنائیں، اپنے تصورات واضح رکھیں، مثبت فیصلے لینے کی صلاحیت پیدا کریں اور زندگی میں مثبت رہیں۔یہی باتیں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری میں اور کامیابی میں کام آتی ہیں۔اسطرح کا اظہار ڈی وائے ایس پی تیگ بیر سنگھ سندھو IPS نے اپنی مخاطبت میں مقابلہ جاتی امتحان کی رہنمائی کیلئے منعقدہ سیمینار سے کیا ۔ محكمۂ اقلیتی ترقیات کے تحت جاری مالیگاؤں میں اردو گھر کا باقاعدہ آغاز مرکزی وریاستی مقابلہ جاتی امتحانات IAS اور IPS امتحان میں شرکت کے خواہش مند طلبہ کی رہنمائی کیلئے منعقدہ سیمینار کے ذریعے کیا گیا ۔یہاں UPSC کیلئے وشال نرواڑے (IAS) و تیگ بیر سنگھ سندھو ( IPS) نیز MPSC کیلئے شردھا بگوار نے طلبہ کی رہنمائی فرمائی۔
۱۶؍ فروری ۲۰۲۳ بروز جمعرات صبح گیارہ بجے اردو گھر ،مالیگاوں وجئے آنند شرما صاحب، ایڈیشل کلکٹر ،مالیگاؤں اورنائب صدر ،اردو گھرثقافتی کمیٹی کی صدارت میں اس سیمینار کا آغاز ہوا۔اس موقع پر کیلاش پوار ، تحصیلدار مالیگاؤں نے اردو گھر اور سیمینار سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ یہاں شردھا بگوار نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی ایس سی امتحان سے متعلق تفصیلی رہنمائی کی ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ اپنے اندر تجسّس کو قائم رکھیں کیوں کہ ہمارا تجسّس ہی ہمیں ترقی کے راستے پر گامزن رکھتا ہے۔ اس موقع پر اے ایس پی انیکیت بھارتی نے پڑھائی پر بھرپور توجہ مرکوز کرنے کی نصیحت کی ۔ انہوں نے کہا کہ برداشت کی طاقت بڑھائیں،ڈسپلن کی عادت ڈالیں اور اس کی پابندی کریں ۔امتحانات کی تیاری کی شروعات کہیں سے بھی کریں،اہم یہ ہے کہ اس کے بعد ہمیں آگے ہی بڑھتے رہنا چاہئے۔
وشال نرواڑے صاحب(IAS)،پرانت آفیسر، کلون نے اپنے تعلیمی سفر کی تفصیلات بتاتے ہوئے اپنے بیش قیمت تجربات طلبہ کے ساتھ شیئر کئے۔ انہوں نے بتا کہ سماج میں سب ہی سول سروسیز امتحان کے بارے میں ڈر بتاتے ہیں، لیکن آپ کو اس ڈر سے لڑنا اور بچنا ہے۔ بڑے خواب دیکھیں اور منزل تک پہنچنے کی بھرپورکوشش کریں۔اور ایسا کرنے والوں کی کبھی ہار نہیں ہوتی۔رہنمائی سیشن کے بعد سوال جواب کا سیشن رہا۔ طلبہ نے کئی سوالات پوچھے جن کے سیر حاصل جواب دیئے گئے۔صدرِ سیمینار وجئے آنند شرما ، ایڈیشل کلکٹر ، مالیگاؤں اورنائب صدر ،اردو گھرثقافتی کمیٹی نے مقابلہ جاتی امتحانات سے متعلق کئی کارآمد مشورے دیئے۔ سیمینار کا کامیاب اختتام ہوا۔ اس سیمینار کی نظامت عمران جمیل نے انجام دی۔ اس سیمینار کو کامیاب بنانے میں اُردو گھر مینجر شیخ قمر الدین اور ان کے اسٹاف نے بھرپور محنت کی تھی ۔ یہی وجہ رہی کہ طلبہ کی کثیر تعداد سیمینار میں حاضر ہوئی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com