اوڈیشہ کے وزیر صحت پر جان لیوا حملہ ، پانچ راؤنڈ فائرنگ، دوران علاج ہوئی موت
فائرنگ کرنے والا پولس ملازم گرفتار ، کرائم برانچ سے جانچ کرنے وزیر اعلیٰ پٹنائک کی ہدایات
اوڈیشہ : 29 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) اوڈیشہ کے وزیر صحت نابا داس پر جان لیوا حملہ کیا گیا۔ جس میں انکی موت واقع ہوگئی ۔وزیر کو برج راج نگر کے گاندھی چوک میں ایک تقریب کے دوران گولی مار دی گئی۔ اس کے بعد نبا داس کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ نبا داس کو سینے میں گولی لگی۔ بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔
برج راج نگر کے ایس ڈی پی او گپتیشور بھوئی نے بتایا کہ اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر (اے ایس آئی) گوپال داس نے وزیر پر گولی چلائی۔ اس واقعہ میں وزیر زخمی ہوگئے۔ جنہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ بھوئی نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ملزم اے ایس آئی کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اے ایس آئی نے وزیر پر گولی کیوں چلائی اس کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ڈی پی او کے مطابق یہ واقعہ برج راج نگر قصبہ میں دوپہر ایک بجے کے قریب پیش آیا۔ جب داس میٹنگ میں جا رہے تھے ۔زخمی وزیر کو پہلے جھارسوگوڈا ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال لے جایا گیا، لیکن بعد میں بہتر علاج کے لیے اسے ہوائی جہاز سے بھونیشور کے ایک اسپتال میں لے جانے کے انتظامات کیے گئے۔ داس پر حملے کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی۔ وزیر کے حامیوں نے ان کی سیکورٹی میں کوتاہی پر سوال اٹھایا۔ کچھ حامیوں نے داس کو نشانہ بنانے کی سازش کا الزام لگایا۔ ایس ڈی پی او نے بتایا کہ ملزم اے ایس آئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی مزید معلومات سامنے آئیں گی۔
نابا داس وزیر صحت پر حملے کی اطلاع وزیر اعلی نوین پٹنائک کو دی گئی ہے۔ وہ داس سے ملنے بھونیشور کے اپولو اسپتال پہنچے۔ نبا داس بی جے ڈی کے سینئر لیڈر تھے۔ حال ہی میں، وہ شانی مندر میں 1.7 کلو سونے کا کلاش پیش کرنے کے لیے سرخیوں میں آئے تھے۔
کرائم برانچ سے تحقیقات
اس حملے کے بعد اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس افسوسناک واقعہ سے صدمے میں ہوں۔ میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ کرائم برانچ کو واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت دی گئی ہے۔ کرائم برانچ کے سینئر افسران کو موقع واردات پر حاضری لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com