جامعة الهدى ہائی اسکول میں قومی یوم ریاضی پر نمائش کا اہتمام
مالیگاؤں : 27 دسمبر (پریس ریلیز) تدریس کی یقینی تفہیم کے لئے تعلیمی وسائل، چارٹس ، ماڈلس ،پراجیکٹس ودیگر لوازمات کی اہمیت وافادیت مسلّم ہے۔ ریاضی مضمون میں ان تمام تر لوازمات کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔الحمدللہ، جامعة الھدی ہائ اسکول میں ان لوازمات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اسی تناظر میں مختلف النوع سرگرمیوں کا انعقادموقع و محل کی مناسبت سے ترتیب وتدریج سے جاری رہتی ہے۔اسی سلسلہ میں سری نواس راما نوجن کے یوم پیدائش اور قومی ریاضی دن کی مناسبت سے جامعہ میں ریاضی نمائش Maths Exhibition کا اہتمام بروز منگل بتاریخ 27 دسمبر 2022 کوصبح 9 بجے جامعۃ الھدی کیمپس میں کیا گیا۔جس میں طلبہ جامعہ (پنجم تا دہم )نے اساتذہ کی سرپرستی میں ریاضی کے تقریباً45 پیشکش(ماڈلس،چارٹس،پراجیکٹس و عملی کام وغیرہ ) تیار کئے۔
اس ریاضی نمائش کاپہلے افتتاحی سیشن رہا جس کا باقاعدہ آغاز طلبہ جامعہ کی تلاوت وترجمہ قرآن سے ہوا۔اس کے بعد محترم قاسم سر (معلم جامعہ) نے ریاضی نمائش کی غرض و غایت کو تفصیلا بیان فرمایا، نیز ریاضی نمائش کی تیاری میں طلبہ و اساتذہ جامعہ کی کوششوں کے مراحل کو بھی تفصیل سے رکھا۔بعدہ مولانا عبدالعظیم فلاحی ( معلم جامعہ) نے مہمانان وذمہ داران کا تعارف واستقبالیہ کے فرائض انجام دئیے۔
مہمانان وذمہ داران میں محترم اشفاق جعفر سر (سپروائزر مالیگاوں ھائی اسکول )، محترم فضل الرحمن عبدالباری ( رکن الھی سوشل ویلفیئر سوسائٹی مالیگاؤں) ، محترم فضل الرحمن سر (سابق معلم جامعۃ الھدی اسکول) ، خان انعام الرحمن سر ( سابق صدر معلم، سردار ہائی اسکول)، محترم شاھد اقبال ( سکریٹری الھدی سوشل ویلفیئر سوسائٹی مالیگاؤں) اور محترم فیروز احمد اعظمی(صدر الھدی سوشل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی مالیگاؤں) و دیگر موجود رہے۔
اس مرحلہ کے بعد محترم فضل الرحمن سر (سابق معلم جامعۃ الھدی اسکول) نے اظہار خیال فرماتے ہوئے اس ریاضی نمائش پر طلبہ جامعہ واساتذہ کی حوصلہ افزائی فرمائی اور قیمتی تاثرات وآراء کو پیش فرمایا۔خطبہ صدارت محترم شاھد اقبال نے ادا کرتے ہوئے قابلِ قدر رہنمائی فرمائی۔
معززمقررین نے اظہار خیال فرماتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں علم کی تقسیم صرف علم نافع اور علم غیر نافع کے خانوں میں ہے۔ تقریباً تمام علوم و فنون کے موجد وبانی مسلمان رہے ہیں۔ علم ریاضی میں محمد بن قاسم الخوارزمی، ابن سینا، غیاث الدین جمشید کاشانی، الکندی ، ابوالحسن اقلیدسی ، الطوسی ودیگر رحمھم اللہ کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی۔ اسی کے ساتھ مضامین کی اسلامائزیشن پر بھی رہنمائی فرمائی۔ آخر میں محترم رشیدی یوسف سر (پرنسپل جامعۃ الھدی اسکول مالیگاؤں) نے کلمات تشکر ادا فرمائے۔ محترم شہیم الرحمن سر (معلم جامعہ) نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دئیے۔
اس سیشن کے اختتام کے بعد ریاضی نمائش کا افتتاح بدست مہمانان وذمہ داران عمل میں آیا۔ طلبہ جامعہ کی پیشکش علم مثلث کے اطلاق، ذواربعۃ الاضلاع ، احاطہ ، رقبہ ، حجم ، دائرہ ،مثلث کی خصوصیات،فیثا غورث کا مسئلہ اور اعداد کی تقسیم وغیرہ کا مہمانان و ذمہ داران نے بغور مشاہدہ کیا اور ہر اک پیشکش کی طلبہ نے تفصیلا تفہیم بھی کرائی۔ بعدہ جامعہ کے تمام طلبہ کو اس نمائش کا مشاھدہ کرایا گیا۔والدین ودیگر علم دوست حضرات وخواتین نے بھی اس نمائش میں شرکت فرماکرطلبہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
ریاضی نمائش کے ذمہ داران، اساتذہ جامعہ محترم محمد قاسم سر، محترم نظیف سر،محترم بلال سر ،محترم عبدالحسیب سر اور مصعب قادری سر رہے۔ ان کی خصوصی کاوشوں سے اور دیگر اساتذہ جامعہ کے تعاون سے یہ ریاضی نمائش کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ اللہ رب العزت ہماری کوششوں کو شرف قبولیت سے نوازے۔ آمین یارب العالمین۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com