مالیگاؤں تشدد معاملہ میں گرفتار تمام ملزمان کی ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور، آنکھیں خوشی سے ہوئی اشکبار، محروسین کے اہل خانہ کا اظہار تشکر


مالیگاؤں تشدد معاملہ میں گرفتار تمام ملزمان کی ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور، آنکھیں خوشی سے ہوئی اشکبار، محروسین کے اہل خانہ کا اظہار تشکر 


راشٹروادی لیگل سیل کے وکلاء کی پیروی، ایڈوکیٹ سنجو کدم ،ایڈوکیٹ مہیندر اور عارف شیخ جدوجہد کامیاب 


شہریان کی دعائیں اور وکلاء کی جدوجہد رنگ لائی، باعزت رہائی کیلئے ہم آخر تک قانونی لڑائی لڑینگے :آصف شیخ 



مالیگاؤں : 7 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)شان رسالت میں گستاخی کرنے والوں کیخلاف پر امن مالیگاؤں بند کے دوران تشدد پھوٹ پڑا اور حالات کچھ دیر کے کیلئے کشیدہ ہوگئے تھے اسکے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا اور کئی افراد پر ایک، دو، تین کیس درج کئے گئے ۔اس مالیگاؤں تشدد معاملہ میں گرفتار محروسین کی رہائی کیلئے روز اول سے مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ مسلسل جدوجہد کررہے ہیں ۔اس ضمن میں این سی پی لیگل سیل کے ذریعے متعین کئے گئے ممبئی ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ سنجیو کدم ،ایڈوکیٹ مہیندر کے علاوہ مالیگاؤں سے ایڈوکیٹ عارف شیخ کی ٹیم نے عدالت میں مدلل بحث کرتے ہوئے 12 نومبر تشدد معاملہ کے ملزمان کی کامیاب پیروی کی ۔کمرہ عدالت میں ان وکلاء نے مالیگاؤں شہر کی پولس انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے بیجا الزامات کا دفاع کیا اور ملزمان کو بے قصور بتاتے ہوئے عدالت سے ضمانت پر رہائی کی درخواست کی ۔ان وکلاء کی مدلل بحث سنتے ہوئے ممبئی ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس پرکاش نائک نے ضمانت کی درخواست قبول کر انکی رہائی کا فیصلہ سنایا ۔اسطرح کی اطلاع ممبئی سے ایڈوکیٹ عارف شیخ نے نمائندہ بیباک کو آصف شیخ کے توسط سے دی ۔عارف شیخ نے بتایا کہ 20 ہزار روپے کے مچلکہ پر ضمانت منظور کی گئی ہیں اور جن کے پاس ضمانت کا انتظام نہیں ہوسکا ایسے افراد کو کورٹ 8 ہفتوں کی مدت میں ضمانت کے کاغذات داخل کرنے کی مہلت دی ہے ۔


عدالت کے باہر موجود محروسین کے اہل خانہ کی کثیر تعداد موجود تھیں ۔جیسے ہی عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا محروسین کے اہل خانہ کی آنکھیں اشکبار ہوگئی اور انہوں نے بارگاہِ الہی میں سجدہ شکر ادا کیا۔ملزمان کے اہل خانہ نے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید و این سی پی لیگل سیل کے وکلاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے محروسین کی رہائی کیلئے شیخ آصف جدوجہد کررہے ہیں اور مالیگاؤں کورٹ سے لیکر ممبئی ہائی کورٹ تک جدوجہد جاری رکھی اور بلا آخر شہریان کی دعائیں قبول ہوئی اور اللہ پاک نے ضمانت پر رہائی کے اسباب پیدا کیا ۔

اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ شہریان مالیگاؤں کی دعائیں قبول ہوئیں اور آج جمعہ کا دن ہے جو کہ ہمارے لئے سعادت کا دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کی محنت رنگ لائی اور محروسین کے اہل خانہ کیساتھ لیگل سیل کے اراکین نے بھی سخت محنت کی جو کامیاب رہی ۔آصف شیخ نے کہا کہ ہم ان تمام بے قصوروں کی باعزت رہائی کیلئے آخر تک لڑتے رہیں گے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے