شہاب چتور کو ویزا دینے سے پاکستان کا انکار، واگھہ بارڈر پر روکا شہاب کے قدم ، پنجاب کے شاہی امام کا شدید رد عمل ، وزیر اعظم مودی کو شکایت و اپیل
نئی دہلی : 3 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) حج مقدس کیلئے کیرالا سے پیدل سفر شروع کرنے والے پرعزم نوجوان شہاب چتور مکہ کی جانب بڑھتے نظر آ رہے ہیں تب سے ہی شہاب چتور سرخیوں میں ہے ۔ لیکن اب ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ پاکستان نے ہندوستانی مسلمان شہاب چتور کے قدم کو روک دیا ہے۔ یہ خبر نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ حیرت انگیز بھی ہے۔ کیونکہ دہلی میں واقع پاکستانی سفارت خانہ نے شہاب سے وعدہ کیا تھا کہ انھیں ویزا مل جائے گا۔ لیکن اب جبکہ وہ واگھہ سرحد پر پہنچ گئے ہیں تو انھیں ویزا نہیں دیا جا رہا۔
اس سلسلے میں 2 اکتوبر کو مجلس احرار اسلام کے دفتر میں پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کیرالہ سے مکہ پیدل حج کے لیے جا رہے شہاب چتور کو پاکستانی حکومت نے اپنے ملک سے گزرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہاب ان دنوں پنجاب سے گزر رہے ہیں تو ان سے کئی بار میری ملاقات ہوئی۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہلی میں واقع پاکستانی سفارتخانہ نے پیدل حج کرنے جا رہے مسافر کو دھوکہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ دہلی میں واقع پاکستانی سفارتخانہ نے پہلے تو شہاب چتور کو یقین دلایا تھا کہ آپ پیدل حج سفر شروع کر دیجیے۔ جب آپ ہندوستان ۔پاکستان کی سرحد کے قریب پہنچ جاؤگے تو آپ کو پاکستان سے گزرنے کا ویزا دیا جائے گا۔ پاکستانی سفارتخانہ نے یہ بھی دلیل دی تھی کہ اتنی جلدی ویزا دینے سے ویزے کی مدت ختم ہو جائے گی۔ اس لیے سرحد پر پہنچتے ہی شہاب چتور کو ویزا دے دیا جائے گا۔
شاہی امام پنجاب کا کہنا ہے کہ جب شہاب چتور تقریباً تین ہزار کلومیٹر پیدل سفر کر کے واگھہ بارڈر کے قریب پہنچ گئے ہیں تو پاکستانی حکومت نے اپنی عادت کے مطابق اب ویزا دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ پاکستان کے افسروں کے اس رویہ سے حیرت ہے۔ حالانکہ دھوکہ دینا پاکستان کی پرانی عادت ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں نے کبھی پاکستان حکومت سے کچھ نہیں چاہا۔ 75 سالوں میں پہلی بار ایک ہندوستانی مسلمان پیدل حج کے لیے جب مکہ مکرمہ سعادت کیلئے جا رہا ہے تو پاکستان اس کو اپنی زمین سے گزرنے بھی نہیں دینا چاہتا۔
شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی کا کہنا ہے کہ صرف اس لیے پاکستان کی حکومت شہاب چتور کو ٹرانزٹ ویزا نہیں دے رہی ہے کیونکہ وہ ایک ہندوستانی مسلمان ہے۔ انھوں نے کہا کہ’پاکستان کو شرم آنی چاہیے۔ دنیا بھر میں اسلام کے نام پر ڈھنڈورا پیٹنے والا ملک شہاب چتور کے سفر حج کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہا ہے۔ مولانا عثمان رحمانی نے بتایا کہ اس سلسلے میں انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو شکایتی خط لکھ کر ای میل کردیا ہے اور یہ مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی بجائے چین کے راستے مکہ جانے کے لیے حکومت ہند شہاب چتور کی مدد کرے، تاکہ پوری دنیا کے اسلامی ممالک کے سامنے پاکستان کا دوغلا چہرہ بے نقاب ہو سکے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com