اعتدال و مصلحت پسندی کیساتھ عیدگاہ اراضی کیلئے جدوجہد کرنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار
مفتی اسماعیل کی صدارت میں دفتر جمعیتہ علماء پر آصف شیخ رشید سمیت تمام سیاسی و ملی تنظیموں کی مشورتی میٹنگ کامیابی سے ہمکنار
آصف شیخ کا مفتی اسماعیل کو حمایتی مکتوب ، شرکاء میٹنگ کا جمعیتہ علماء کی جانب سے اظہار تشکر
مالیگاؤں : 27 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) لشکر والی عید گاہ اراضی معاملہ کو لیکر شہر بھر میں تذبذب کا ماحول پایا جارہا ہے۔جمعیتہ علماء مالیگاؤں اور عید گاہ ٹرسٹ بھی عید گاہ کے تحفظ و بقا کو لیکر کافی فکر مند اور اپنی سی کوشش میں مصروف ہے ایسے میں گزشتہ ہفتہ پکارے گئے جمعیتہ کے اعلان کو شہر کی تمام سیاسی پارٹیوں کے مسلم نمائندگان بشمول شیخ رشید (این سی پی)، آصف شیخ رشید(این سی پی)، ڈاکٹر خالد پرویز (ایم آئی ایم)، اعجاز بیگ (کانگریس)، سہیل عبدالکریم (جنتادل سیکولر)، عتیق کمال(لوک سنگھرش سمیتی)، سمیت دیگر نے اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے جمعیتہ علماء کے صدر مفتی اسماعیل قاسمی و عید گاہ ٹرسٹ کو ایک مکتوب پیش کر جمعیتہ کے پرچم تلے لڑی جانیوالی تحریک کو مکمل حمایت دی۔ اسی ضمن میں گزشتہ روز کل جماعتی تنظیم نے جمعیتہ اہل حدیث دفتر پر منعقدہ میٹنگ میں بھی عید گاہ کی بقا کیلئے جمعیۃعلماء کو حمایت دینے کا اعلان کیا جس میں شہر کی تمام مسلکی تنظیمیں شامل تھیں۔
اس سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے آج بعد نماز مغرب دفتر جمعیتہ علماء مدنی روڈ پر مفتی اسماعیل قاسمی کی صدارت میں عید گاہ کی حفاظت کیلئے سیاسی و ملی تنظیموں کے نمائندگان کے مابین جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اس مشورتی میٹنگ میں مفتی اسماعیل قاسمی ، آصف شیخ رشید، ایڈوکیٹ نیاز لودھی، اعجاز بیگ، ڈاکٹر خالد پرویز، سہیل عبدالکریم، عتیق کمال، اعجاز عمر، شکیل جانی بیگ، اسلم انصاری، یوسف سیٹھ نیشل، عبدالمالک سیٹھ بکرا، حاجی محمد مکی سیٹھ، مولانا ظہیر ملی، مولانا امتیاز اقبال، عمران اسجد ندوی مولانا آصف شعبان(جمعیت علماء سلیمانی چوک) ، شکیل فیضی (جمعیۃ اہل حدیث) ، عبدالعظیم فلاحی، اطہر حسین اشرفی وغیرہ موجود تھے ۔اس میٹنگ میں آصف شیخ رشید نے ایم ایس جی کالج تا کیمپ روڈ تک عید گاہ و اطراف کی پوری جگہ کیلئے کی جانیوالی قانونی و تیکنیکی نقاط پر مبنی تجاویز پیش کی ۔ آصف شیخ نے کہا کہ 1970 کے ڈیولپمنٹ پلان کے بعد سے آج تک اور مہاتما گاندھی ودیا مندر ٹرسٹ کے ایگریمنٹ تک کی تفصیلات اور کس طرح عید گاہ کی پوری جگہ ٹرسٹ کو حاصل ہوجائے کیلئے کوششیں کرنے، اس کے علاوہ میونسپل کارپوریشن میں شیخ رشید کی تجویز کیساتھ جمعیتہ علماء اور دیگر کی یادداشت پر مشترکہ مطالباتی عنوان تیار کرتے ہوئے میونسپل میئر کو پیش کر مہا سبھا میں منظور کرتے ہوئے مہاراشٹر سرکار سے نمائندگی کرنے کی تجاویز پیش کی، اس کے علاوہ موصوف نے کہا کہ عید گاہ معاملہ میں جمعیتہ علماء کیساتھ میں قدم سے قدم ملا کر کھڑا ہوں اور مشورتی میٹنگ میں جو بھی فیصلہ طئے کیا جاتا ہے اس پر میرا بھی اتفاق رہیگا ۔یہاں آصف شیخ نے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ایک حکمت عملی تیار کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق سے عید گاہ کی لڑائی لڑنے کی تجویز پیش کی، آصف شیخ نے یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے مفتی اسماعیل کو اپنی حمایت کا مکتوب پیش کیا ۔یہاں مفتی اسماعیل اور شیخ آصف نے مصافحہ بھی کیا ۔
اسکے علاوہ اس میٹنگ میں عبدالمالک بکرا، سہیل عبدالکریم، اعجاز عمر، اسلم انصاری وغیرہ نے بھی اپنی تجاویز پیش کی تمام تجاویز پر غور و خوض کرتے ہوئے اعتدال پسندی اور مصلحت کیساتھ آئندہ کی حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔صدر میٹنگ مفتی اسماعیل قاسمی نے شرکاء میٹنگ کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سب نے اسی طرح خلوصِ دل سے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا تو ہمارے کام میں اللہ پاک کی مدد شامل رہے گی اور ہمیں کامیابی ملے گی ۔اس لئے آج کی میٹنگ میں مذکورہ بالا تجاویز کو منظوری دیتے ہوئے یہ بھی طئے کیا جاتا ہیکہ کچھ اہم باتوں کو منظر عام پر نہ لاتے ہوئے کمیٹی کے ذمہ داران کو عید گاہ کے حق میں کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء مفتی اسماعیل نے سابق ایم ایل آصف شیخ رشید سمیت تمام شرکائے میٹنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں قوم و ملت کے نام پر اتحاد و اتفاق کی امید جتائی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com