گلشیر نگر میں جرائم پیشہ عناصر کی ہلڑ بازی، کھلے عام تلواروں کا استعمال

گلشیر نگر میں جرائم پیشہ عناصر کی ہلڑ بازی، کھلے عام تلواروں کا استعمال، غنڈہ عناصر پر پولس کی گرفت کمزور ہونے کا الزام 

پوار واڑی پولس انتظامیہ کی دہری پالیسی کے خلاف شیخ آصف کی ایڈیشنل ایس پی سے ملاقات و سخت انتباہ 



مالیگاؤں : 21 دسمبر (پریس ریلیز) شہر میں غنڈہ عناصر کے حوصلے اس قدر بلند ہوگئے ہیں کہ ان پر اب پولس کی گرفت کا بھی کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہر کے متعدد علاقوں میں غنڈہ عناصر کھلے عام ہتھیاروں کی نمائش اور اسکا استعمال کررہے ہیں جس سے عوام میں ڈر و خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلشیر نگر گلی نمبر گیارہ میں بھی اسطرح کا غیر قانونی واقعہ رونما ہوا ۔کچھ اوباش اور جرائم پیشہ نوجوانوں نے گلیوں میں عورتوں اور بچوں کے ساتھ ساتھ بزرگوں و نوجوانوں کو ڈرایا دھمکایا اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا ۔کھلے عام ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ۔جرائم پیشہ افراد نے اپنے ہاتھوں میں تلوار اٹھا کر اسے لہرایا اور ہلڑ بازی کرتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لیا جس کے چلتے وارڈ کی عوام نے پوار واڑی پولس اسٹیشن میں حاضری لگائی اور شکایات درج کرنے کا مطالبہ کیا لیکن انکی شکایت کو نظر انداز کردیا گیا ۔اسطرح کی مکمل تفصیلات سابق رکن اسمبلی و این سی پی لیڈر آصف شیخ نے آج پولس کنٹرول روم سٹی پولس اسٹیشن احاطہ میں زمین پر بیٹھ کر میڈیا نمائندوں کو دی ۔انہوں نے بتایا کہ پوار واڑی پولس اسٹیشن کے پی آئے کے خلاف ہم وارڈ کی غریب عوام کے ساتھ پولس کے اعلیٰ حکام سے شکایت کرنے یہاں پہنچے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولس شہر میں امن امان کی برقراری کیلئے اپنا کردار پیش کریں اور عوام کو غنڈہ عناصر کی دھما چوکڑی سے محفوظ رکھے ۔اس ضمن میں شیخ آصف نے ایڈیشنل ایس پی کھانڈوی سے ملاقات کر  پوار واڑی پولس اسٹیشن کے پی آئے کیخلاف شکایت کی اور سخت تحریک کا انتباہ دیا ۔ شیخ آصف اور عوام کی باتوں کو بغور سننے کے بعد ایڈیشنل ایس پی نے قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے