بزرگ و بیوہ فنڈ کے 20 ہزار سے زائد عریضے التوا کا شکار ، تحصیلدار سے این سی پی لیڈر آصف شیخ کی تیکھے تیور
غریب عوام کے ہزاروں عریضوں کی منظوری کیلئے جلد از جلد میٹنگ کا انعقاد کیا جائے ، نوکر شاہی کیخلاف تحصیل آفس میں این سی پی کا سخت احتجاج
مالیگاؤں : 8 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں سنجے گاندھی نرادھار یوجنا کی میٹنگ نہ لینے پر اور عریضہ منظور نہ کرنے کی صورت میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ضلعی صدر و کارکنان نے مقامی تحصیلدار آفس پر مظاہرہ کیا اور تحصیلدار آفیسر کیخلاف جم کر نعرے بازی کی۔
اس موقع این سی پی کے ضلعی صدر شیخ آصف نے بتایا کہ 3 نومبر کو تحصیلدار آفیسر چندرجیت راجپوت کو ایک مطالباتی مکتوب دیا گیا تھا۔ کہ سنجے گاندھی نرادھار یوجنا کی میٹنگ جلد از جلد بلائی جائے اور عریضوں کی منظوری دی جائے ۔ آصف شیخ نے کہا کہ اسی تناظر میں این سی پی کے زمہ داران کے ساتھ وہ خود تحصیلدار کو گلاب کا پھول دینے کیلئے آئے تھے لیکن تحصیلدار آفس میں موجود نہیں تھے۔ واپسی کے دوران آفس کے باہر تحصیل آفیسر چندرجیت راجپوت سے ملاقات ہوئی۔ تو انہیں اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ آج 8 تاریخ ہوچکی ہے آپ میٹنگ کیلئے کال کیجئے۔
آصف شیخ کے مطابق تحصیلدار آفیسر نے اس بات کا جواب اسطرح دیا کہ وہ میٹنگ کیلئے کال نہیں کریں گے اور حکومت کے جی آر کو غلط ثابت کردیا۔ واضح رہے کہ اس طرح کا جواب ملنے کے بعد تحصیلدار اور آصف شیخ کے بیچ نوک جھونک شروع ہوگئی۔ اس موقع پر موجود این سی پی کے کارکنان نے تحصیلدار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور نعرے بازی شروع کردی۔ آصف شیخ نے مزید کہا کہ 20 ہزار سے زائد عوام پریشان ہے اور تحصیلدار اس معاملے میں ٹال مٹول کررہا ہے۔موصوف نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں نوکر شاہی نہیں چلے گی ۔بلکہ عوامی و فلاحی کاموں کیلئے لوک شاہی چلے گی ورنہ قانون کے مطابق سب کو سبق سکھایا جائے گا ۔انہوں نے اس معاملے میں بدعنوانی کا پردہ فاش کرنے کی بات بھی تحصیلدار سے کی ۔شیخ آصف نے کہا کہ غریب عوام کے ہزاروں عریضوں کو کس بنیاد پر روکا گیا ہے اسکی وضاحت کی جائے ۔غریب عوام کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی ۔کافی دیر تک اس معاملے میں شیخ آصف اور تحصیلدار میں تیکھی نوک جھونک چلتی رہی ۔اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی طور پر این سی پی کے کارکنان کے ساتھ تحصیلدار آفس میں احتجاج کیا گیا۔ جس کے بعد تحصیلدار آفیسر نے پولیس انتظامیہ کی موجودگی میں 12 نومبر کو میٹنگ رکھنے کا فیصلہ کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی۔
اس کے علاؤہ آصف شیخ نے کہا کہ 12 نومبر کی میٹنگ میں 20 ہزار لوگوں کے معاملات سامنے رکھے جائیں گے جن غریب لوگوں کے اکاؤنٹ میں رقم نہیں گئی ہے۔ان کے اکاؤنٹ میں جلد از جلد رقم منتقل کی جائے۔ اور حیات داخلہ کے تعلق سے بھی اس میٹنگ میں تفصیلی گفتگو کی جائے گی اور مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ اس تعلق سے اخباری نمائندے نے تحصیلدار آفیسر چندرجیت راجپوت سے بات چیت کی تو انہوں نے بتایا کہ اسے پہلے بھی سنجے گاندھی نرادھار یوجنا کے تعلق سے کئی میٹنگ کی جاچکی ہے اور میٹنگ کیلئے جو جی آر ہے وہ اس کی مکمل طور پر پیرویِ کررہے ہیں۔ اور ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الزامات تو بہت لگتے ہے جو بھی الزامات لگائے جارہے ہیں اس کا ثبوت ہونا چاہیے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com