سنّی دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام آٹھ روزہ اصلاحِ معاشرہ بعنوان "مسلم اُمہ کے نوجوانوں کی ذمہ داریاں" کا انعقاد

سنّی دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام آٹھ روزہ اصلاحِ معاشرہ بعنوان "مسلم اُمہ کے نوجوانوں کی ذمہ داریاں" کا انعقاد 


بُرائی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے سیّد امین القادری کی سرپرستی میں10 سے 17 نومبر تک اجتماعات ، پریس کانفرنس سے مخاطبت 



مالیگاؤں : 8 نومبر (بیباک نیوز اپڈیٹ ) میڈیا کا سہارا لے کر دُشمنانِ اسلام مسلم نوجوانوں بالخصوص نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو گمراہ کررہے ہیں ۔ ایسے ایام میں مالیگائوں شہر بھی عام و خاص قسم کی برائیوں میں مبتلاہوچکا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اجلاس کے ساتھ ساتھ میڈیا کا سہار الے کر مسلم نوجوانوں کو راہِ راست پر لانے کی جدوجہد کریں ، آج شہر میں جرائم ، قتل ، نشہ آوراشیاء کا استعمال ، زنا ، بدفعلی اور نوجوانوں کے دِلوں سے بڑوں کا ادب کم ہونا ، والدین سے بغاوت جیسے سنگین نافرمانیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔ ان تمام برائیوں کے خاتمہ کیلئے ہمیں اصلاحِ معاشرہ کے ساتھ ساتھ زمینی و میدانی سطح پر بھی جدوجہد کرتے ہوئے نوجوانوں کو راہِ راست پر لانے کی کوشش کرنا چاہئے اور اِسی ضمن میں عالمی تحریک سنی دعوتِ اسلامی کے امیر الحاج سیّد امین القادری کی سرپرستی میں مورخہ 10 نومبر سے 17 نومبر 2021 ءتک آٹھ روزہ اصلاحِ معاشرہ اجتماعات بعنوان ’’مسلم اُمہ کے نوجوانوں کی ذمہ داریاں ‘‘ منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس طرح کی تفصیلی معلومات مسجد یا رسول اللہ ﷺ کے امام و دعوتِ اسلامی کے رُکن شوریٰ حافظ غفران اشرفی نے دی ۔

 موصوف نے بتایا کہ نوجوانوں کی بے ترتیب زندگی کو سنوارنے کیلئے یہ مہم شروع کی جارہی ہے ۔ گناہوں سے دوری بنانے کیلئے ، شراب ، جوا سمیت تمام برائیوں کے خاتمہ کیلئے اس پروگرام کا انعقاد محمد شاکر علی نوری کی زیر سرپرستی منعقد کیا جارہا ہے ۔ موصوف نے کہا کہ معاشرہ سے برائی کے خاتمہ کیلئے حق گو علمائے کرام کو آگے آنا چاہئے تاکہ برائی سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جاسکے ۔ غفران اشرفی نے مزید بتایا کہ 10 نومبر بروز بدھ سے کلثوم اشرفی چوک رمضان پورہ، جمعرات 11 نومبر کو شبیرنگر سیلانی چوک ، بروز جمعہ 12 نومبر کو 60 فٹی روڈ داتار نگر ، 13 نومبر بروز سنیچر کو سلامت آباد چوک ، 14 نومبر بروز اتوار پاک پنجتن چوک ، 15 نومبر بروز پیر مفتی مفتی اعظم چوک ، گولڈن نگر، 16 نومبر بروز منگل للے چوک اسلام پورہ اور 17 نومبر بروز بدھ کو مرکز اہلسنّت سنی جامع مسجد یارسول اللہ ﷺ کسمبا روڈ پر منعقد کیا جارہا ہے ۔ 

ان تمام پروگرام میں مقرر خصوصی کی حیثیت سے سیّد امین القادری اپنے خصوصی خطاب سے اصلاحِ معاشرہ کے عناوین پر مسلم اُمہ کے نوجوانوں کی ذمہ داریاں ، پر خطاب فرمائیں گے ۔ موصوف نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے لاک ڈائون ہونے کے باوجود بھی دعوتِ اسلامی نے سوشل میڈیا، یوٹیوب اور دعوتِ اسلامی چینل کے ذریعے مسلم اُمہ کی ہر ممکن اصلاح کرنے کی کوشش کی ، لیکن اب جبکہ لاک ڈائون ختم ہو چکا ہے ، سماجی دوری ختم ہوگئی ہے تو ایسے میں ہمیں اپنے دِلوں کی اصلاح کرنے کے لئے ایک دوسرے سے ملنا بھی ضروری ہے اور اسی لئے عوام کے بیچ پہنچ کر مذکورہ اجتماعات کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ موصوف نے عوام الناس /بقیہ صفحہ آخر سے اپیل کی ہے کہ خدارا اغیار کے فتنوں سے بچتے ہوئے اپنی دینی و دُنیاوی تعلیم کو حاصل کرتے ہوئے کامل ایمان بننا وقت کی ضرورت ہے والدین اپنے بچوں اور نوجوان اپنے والدین کے ساتھ ساتھ سماج و معاشرہ کی خدمت کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اس لئے نوجوان راہِ راست پر ہوں گے تو پورا معاشرہ بہتر طریقے سے زندگی گزارے گا ۔ اس سے قبل قاری نور محمد نے اغراض و مقاصد پیش کئے ۔ وہیں رضوان میمن نے تعارف و نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ اس پریس کانفرنس میں قاری عبدالسلام ، نعیم نوری ، قاری مسعود وغیرہ بھی شریک رہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے