مہاراشٹر بند کا مالیگاؤں میں ملا جلا اثر ، ممبئی، ناگپور سمیت میں پورے مہاراشٹر میں شدید احتجاج
این۔سی۔پی۔ لیڈر آصف شیخ رشید نے کسان کے بھیس میں ٹریکٹر چلاکر کسانوں کے قتل عام کیخلاف مظاہرہ کیا
مالیگاؤں 11 اکتوبر(بیباک نیوز اپڈیٹ) اترپردیس کے لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا عرف ٹینی کے فرزند آشیش مشرا اور ان کے ساتھیوں نے نہتے کسانوں پر موٹرگاڑی چلا کر کچل ڈالا جس میں کئے کسانوں کی جانیں تلف ہوئیں۔ اس ظلم و ناانصافی کیخلاف پورے ملک میں بی جے پی حکومتوں کیخلاف مظاہرے جاری ہیں۔
مہاراشٹر میں حکمراں مہاوکاس اگھاڑی میں شامل کانگریس، راشٹروادی کانگریس اور شیوسینا نے 11,اکتوبر بروز پیر کو مہاراشٹر بند کا اعلان کیا۔بند کا مالیگاؤں میں ملا جلا اثر دیکھنے کو ملا، ناگپور، ممبئی سمیت ریاست کے دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے میں شدت دیکھی گئی ۔مہاراشٹر بند کیساتھ ہی مالیگاؤں بند کا اعلان کانگریس، این۔سی۔پی۔ اور شیوسینا نے بھی کیا۔
مقامی سطح پر کیمپ اور سنگمیشور کے علاقوں میں شیوسینا نے اپنے روایتی انداز میں بند کروایا۔ این سی پی لیڈر آصف شیخ رشید نے صبح 11,بجے راشٹروادی بھون سے کسان کے بھیس میں ٹریکٹر پر سوار ہوکر اور خود اس ٹریکٹر کی ڈرائیونگ کرتے ہوئے انوکھا احتجاج کیا۔ جبکہ راشٹروادی کانگریس کے جیالے ورکرس ہاتھوں میں جھنڈے اور بینر لیکر آگرہ روڈ، امام احمد رضا روڈ، اور قدوائی روڈ کی دکانیں اور ہوٹلیں بند کرنے کی اپیل کیساتھ شہیدوں کی یادگار کے پاس احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جم کر مرکزی حکومت اور بی جے پی لیڈران کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ اسی طرح گروواروارڈ میں راشٹروادی کانگریس سیوادل کے صدر ریاض علی یوسف علی اور راشٹروادی مہیلا کانگریس کی صدر شاھین انصاری و یاسمین سید کی سرپرستی میں خواتین نے پیدل مارچ کرتے ہوئے مظاہرہ بھی کیا اور کاروبار بند کرنے کی اپیل بھی کی۔
مالیگاؤں بند کے دوران جن علاقوں میں کانگریس، راشٹروادی کانگریس اور شیوسینا کے اراکین نے دکانیں، ہوٹلیں اور کاروبار بند کروائے ان کی آواز پر عوام اور دکانداروں نے اپنے کاروبار بند کرکے مرکزی حکومت اور بی جے پی لیڈران کیخلاف بطور احتجاج حصہ لیتے ہوئے اپنے اپنے کاروبار کو بند کیا۔ اس درمیان شہر کے کسی بھی حصہ یا علاقہ سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ 11,اکتوبر بروز پیر کو صبح 11,بجے سے شام 5بجے تک پر امن مالیگاؤں بند کا نظارا دیکھنے کو ملا۔ این۔سی۔پی لیڈر آصف شیخ رشید کے مطابق این۔سی۔پی۔ کی جانب سے دکانیں بند کرنے کی اپیل پر جن لوگوں نے اپنی دکانیں بند کرکے اس احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا۔ ایسے تمام دکانداروں کا شکریہ ادا کیا گیا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com