کارپوریشن چناؤ : 9 اکتوبر کو کانگریس پارٹی کی مشاورتی میٹنگ ،اہم فیصلے کا امکان، عوام سے شرکت کی اپیل
ہم اپنے الیکشنی منشور کے پابند، شہر کی اہم شاہراہوں کو تعمیر کرنے 100 کروڑ روپے گرانٹ حاصل کرنے کا منصوبہ
لکھیم پور کھیری میں کسانوں کیساتھ ہوا واقعہ افسوس ناک، یوگی و مودی حکومت کی مذمت
مالیگاؤں: 7 اکتوبر (نامہ نگار) آئندہ میونسپل کارپوریشن انتخابات سے متعلق لائحہ عمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ اور مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے 9 اکتوبر 2021ء بروز سنیچر کو کانگریس رابطہ آفس ہزار کھولی میں شیخ رشید کے چاہنے والوں اور ہمدردوں و عہدیداران اور کارکنان سے مشورہ کرنے کیلئے ایک مشاورتی میٹنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اسی کے ساتھ اگر ہمیں میجاریٹی ملتی ہیں تو میونسپل کارپوریشن پر میئر بھی ہمارا۔ اسطرح کا اظہار شہر کانگریس پارٹی کی جانب سے اردو میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے کانگریس صدر شیخ رشید نے کیا ۔موصوف نے آئندہ ہفتے کانگریس پارٹی عہدیداران و کارکنان کی ایک مشاورتی میٹنگ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سنیچر کو کانگریس رابطہ آفس ہزار کھولی میں منعقد کی جانے والی میٹنگ میں میونسپل کارپوریشن انتخابات سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔کئی اہم امور پر پارٹی عہدیداران اور کارکنان سے تبادلۂ خیال کیا جائے گا اور انکے مشوروں سے فیصلہ کیا جائے گا ۔سابق میئر شیخ رشید نے آگرہ روڈ کی تعمیر دوبارہ جاری ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ بارش اور دیگر وجوہات کی بنا پر آگرہ روڈ کا کام رک گیا تھا جس پر شہر میں مختلف باتیں بنائی جارہی تھیں لیکن اب کام دوبارہ جاری ہوگیا ہے اور جس طرح سڑک کے ایک جانب کا کام مکمل ہوا اسی طرح دوسری جانب کا بھی کام دو سے ڈھائی ماہ میں مکمل ہوجائے گا ۔اس کے بعد شہید عبدالحمید المعروف کسمبا روڈ کی تعمیر کیلئے بھی 7 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کرانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
شہر کے موجودہ رکن اسمبلی کی کارکردگی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر بار یہی سوال کیا جاتا ہے کہ ایم ایل اے موصوف کی کارکردگی صِفر ہیں تو پھر عوام کو پتہ ہے کہ اب تک شہر میں ان کے توسط سے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ایک سال گزرا، اب دو سال مکمل ہونے کو ہے لیکن ان کی کارکردگی سابقہ کی طرح صفر ہے۔اسی طرح سے پانچ سال گزر جائیں گے اور شہر تعمیر و ترقی سے محروم رہے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم ریاستی حکومت سے 100 کروڑ روپے فنڈ حاصل کرنے کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں اور اس فنڈ سے شہر کے اندرونی اور بیرونی راستوں کی تعمیر کرینگے ۔ اس پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے لکھیم پور میں کسانوں کو گاڑی سے روندے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کے بعد متاثرین سے ملاقات کیلئے جانے والی پرینکا گاندھی اور سماجوادی لیڈران کو گرفتار کیا جانا قابل مذمت ہے۔اگرچہ اس واقعہ کے متاثرین کو حکومت نے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن اس واقعہ کی ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے، معاوضہ کا اعلان کردینا مارو اور معاوضہ دو کے مترادف ہے۔انہوں نے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی جانب سے مذمت کی۔
کنہیا کمار کے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے پر شیخ رشید نے کہا کہ کنہیا جیسے نوجوانوں کے پارٹی میں شامل ہونے سے پارٹی مضبوط ہوگی۔قومی سطح پر نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے پر توجہ دی جانی چاہیے اس کے علاوہ پارٹی کی قیادت کسی قابل نوجوان لیڈر کو دی جانی چاہیے۔آخرت میں شیخ رشید نے سنیچر لو ہونے والی مشاورتی میٹنگ میں عوام سے شرکت کی گزارش کی ہے ۔اس پریس کانفرنس میں صدر شہر کانگریس شیخ رشید کے ہمراہ کارپوریٹر اسلم انصاری، شیخ ذاکر عبدالمجید، عبدالحفیظ انصاری، کلیم ماڈرن، عبدالکریم اقصٰی اور بزرگ کانگریس کارکن اصغر انصاری بھی موجود تھے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com