جمعہ کو بنکر لانس میں جنتا دل سیکولر کے شہری صدر کا انتخاب و اجلاس ، تیاریاں آخری مراحل میں، نئے پرانے ورکروں میں جوش و خروش
مالیگاؤں شہر کو ضلع کا درجہ دلانے اور فرقہ پرستی و بدعنوانی کے خلاف "مالیگاؤں وکاس منچ" کا قیام
مالیگاؤں :یکم ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) جنتادل سیکولر نے اپنے عوامی کام کاج کے ذریعے مالیگاؤں شہر میں طویل عرصے سے منفرد مقام بنائے رکھا ہے۔ سوشلسٹ پارٹی کے زمانے سے اب تک نامساعد حالات اور حوادث جھیلنے کے بعد بھی جنتادل سیکولر نے شہری مسائل کے حل سمیت عوامی تحریکات میں اپنی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔ ساتھی نہال احمد کے اپنائے ہوئے سماجوادی اصولوں پر ہم کل بھی گامزن تھے، آج بھی ہیں اور آگے بھی سوشلسٹ نظریات کو بڑھاوا دیتے ہوئے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔اسطرح کا اظہار جنتا دل سیکولر کے سیکرٹری مستقیم ڈگنیٹی نے اردو میڈیا سینٹر میں ایک پریس کانفرنس سے کیا ۔موصوف نے صحافیوں کو پریس ریلیز پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہال احمد نے شہر میں عوامی خدمت کی جو جاوداں مثال قائم کی ہے، جس کاز کو لے کر ساتھی بلند اقبال سرگرم رہا کرتے تھے اسے آگے بڑھانے کیلئے جنتادل سیکولر کا ہر ورکر کمر بستہ ہے۔موجودہ سیاسی منظر نامے میں پارٹی کی صدارت کیلئے مستقل طور پر نامزدگی کا اعلان کیا جا چکا ہے. 3 ستمبر، بروز جمعہ، شام سات بجے، انصار جماعت خانہ (بُنکر لانس) میں ایک عوامی اجلاس میں جنتادل سیکولر کے مستقل صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا. جنتادل سیکولر اپنے نظریے کے مطابق صدر کے انتخاب کے فوراً بعد سے ہی عوامی کام کاج میں تیزی لانے کا ارادہ رکھتی ہے.
مالیگاؤں شہر پچھلے اٹھارہ بیس سالوں میں جس پستی کی جانب ڈھکیلا گیا ہے، اُس سے مالیگاؤں کا کوئی بھی شہری نا واقف نہیں ہے. ساتھی نہال احمد کے ایم ایل اے رہتے ہمارے شہر کا مقابلہ ناسک، اورنگ آباد جیسے شہروں سے کیا جاتا تھا مگر آج حالات اتنے خراب ہوگئے ہیں کہ کسی دوسرے شہر سے مقابلہ تو دور، شہر کے مغربی علاقے سے ہی مالیگاؤں کا مشرقی حصہ پچھڑ گیا ہے. شہریان بھاری بھرکم ٹیکس ادا کرنے کے باوجود بنیادی سہولیات تک سے محروم ہیں. جنتادل سیکولر یہ محسوس کرتی ہے کہ مالیگاؤں شہر کو ضلع کورٹ، ایڈیشنل کلکٹر آفس ،ایس پی آفس، کارپوریشن، جنرل ہاسپٹل (جس کا قیام شہدائے بم بلاسٹ کی قربانیوں کا نتیجہ ہے )، آر ٹی او آفس، ایف ڈی او آفس جیسے ضلعی سطح کے سرکاری دفاتر اور محکمے دستیاب ہونے کے بعد اس کے مطابق ہی ٹیکس ادا کرنا پڑ رہا ہے تو سرکار کیوں نہیں مالیگاؤں شہر کو ضلعے کا درجہ دیتی؟ شہریان کا یہ دیرینہ خواب رہا ہے کہ مالیگاؤں کو ضلع بنا دیا جائے مگر یہ سرکار کی ستم ظریفی ہے کہ مُسلم اکثریت کے اس شہر کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جاتا رہا ہے. مالیگاؤں کو ضلع بنانے کیلئے کچھ لوگ وقتی طور پر سرگرم ہوتے ہیں مگر کچھ عرصے بعد یہ معاملہ ٹھنڈا پڑ جاتا ہے. شہر کی مَکدر ہوتی سیاسی فضاء میں جنتادل ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوامی کام کاج کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے. اہلیانِ مالیگاؤں کی اکثریت جنتادل سیکولر کی جانب سے کافی پُر امید ہیں جس کا احساس پارٹی کے ذمہ داران کو بھی ہے اسی لئے جنتادل سیکولر نے طئے کیا ہے کہ جمعہ کو انصار جماعت خانے میں صدر کے انتخاب میں پارٹی کے نئے صدر کے ذریعے ایک منچ کا اعلان کیا جائے گا. یہ منچ آئندہ سال ہونے والے کارپوریشن الیکشن میں بدعنوانی، فرقہ پرستی اور شہر کو بدحالی کے اندھیرے میں جھونکنے والوں کے خلاف ایک مضبوط سیاسی طاقت کھڑی کرنے کا کام کرے گا. اس سے پہلے مذکورہ منچ ایک اہم کاز کیلئے سرگرم ہوگا اور وہ یہ کہ شہر بھر سے ایسے لوگوں کو اکٹھا کرنے کا کام کیا جائے گا جو مالیگاؤں شہر کو ضلعے کا درجہ دلانے میں اپنی خدمات دینا چاہتے ہیں.
جنتادل سیکولر ضلع کے قیام کیلئے مخلصانہ کوشش کیلئے تیار ہے. جس میں شہریان کی جانب سے یہ مطالبہ ہونا چاہیئے کہ مالیگاؤں شہر کو اقلیتی ضلعے کا درجہ دیا جائے. جیسا کہ دھولیہ شہر کو آس پاس آدیواسی اکثریتی تعلقے ہونے کی بناء پر آدیواسی ضلعے کا درجہ دیا گیا، اسی طرز پر مالیگاؤں شہر مُسلم اکثریت کی بنیاد پر اقلیتی ضلع ڈکلئیر کیا جائے. مالیگاؤں شہر کو اقلیتی ضلعے کا درجے مل جانے سے مختلف اسکیموں اور فنڈ کے ذریعے شہر کے خد و خال کو بہتر کیا جا سکتا ہے. اقلیتی ضلع کی بنیاد پر بہت سی حکومتی مراعات سے شہریانِ مالیگاؤں استفادہ کرنے کے اہل ہو جائیں گے. حکومت مختلف تعمیراتی، تعلیمی و طِبّی سہولیات فراہم کرنے کی پابند ہوگی. ساتھ ہی ضلعے کی ترقی کیلئے کلکٹر کی معرفت مستقل فنڈ جاری ہو جائے گا اور اس جیسی کئی سہولیات و مراعات ملنے کا راستہ صاف ہو جائے گا.
جنتادل سیکولر کے نو منتخب صدر کی جانب سے قائم کئے جانے والے اس منچ کے بینر تلے ضلعے کے قیام کیلئے ہر ممکن قانونی راستے اختیار کئے جائیں گے. حکومتی سطح پر بھی ٹھوس لائحۂ عمل کے ساتھ مطالبے کو رکھا جائے گا. ضرورت پڑنے پر عوامی تحریک بھی چلائی جائے گی. ہوا ہوائی دعووں سے پَرے اقلیتی درجے کے ضلع کے قیام کی مخلصانہ کوشش کی جائے گی. مالیگاؤں کی عوام سے گذارش کی جاتی ہے کہ شہر کو پستی سے نکال کر ایک نئی انقلابی سوچ دینے، ترقی کے نئے راستے پر گامزن کرنے اور شہری مسائل کے سد باب کیلئے جنتادل سیکولر کو مضبوط کریں۔اسطرح کی پریس ریلیز جنتادل سیکولر، مالیگاؤں نے دی ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com