مجبور نہیں مضبوط صحافی بنو ! مسائل تو ایماندار صحافیوں کو در پیش ہیں : سر فراز آرزو ‏

مجبور نہیں مضبوط صحافی بنو ! مسائل تو ایماندار صحافیوں کو در پیش ہیں : سر فراز آرزو 

صحافتی ورکشاپ, سیمینار اور تقاریب کیلئے میڈیا سینٹر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں : اسماعیل شیخ 

پترکار وکاس فاؤنڈیشن صحافیوں کے در پیش مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں

مالیگاؤں (پریس کانفرنس) ہر دور میں صحافیوں نے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا. صحافتی خدمات انجام دینے والے ایماندار صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے. موجودہ دور میں الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کی وجہ سے صحافت نے بہت ترقی کر لی لیکن دوسری جانب صحافت کا معیار بھی گرتا گیا. وہیں غیر جانبداری سے صحافتی خدمات انجام دینے والے میڈیا ہاؤس, اخبارات اور صحافیوں کیلئے مختلف مسائل پیدا ہونے لگے. صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے اور اجاگر کرنے کیلئے "پتر کار وکاس فاؤنڈیشن" ریاستی سطح پر تشکیل دی گئی. اس طرح کا اظہار و خیال سینئر صحافی سرفراز آرزو (مدیر ہندوستان ممبئی )نے کیا. 

پترکار وکاس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مالیگاؤں شہر کے اردو میڈیا سینٹر میں بروز جمعہ 10 ستمبر 2021 کو صحافتی سیمینار بعنوان "صحافیوں کو در پیش مسائل و حل" منعقد کیا گیا. اس سیمینار کی صدارت جناب اسماعیل شیخ (صدر اردو میڈیا سینٹر) نے فرمائی. اس پروگرام میں بطورمہمانان خصوصی سرفراز آرزو (مدیر, ہندستان ممبئی), جناب مشیر انصاری (سینئر صحافی) ,جناب ستیہ پرکاش تیواری(مدیر, سب کی خبریں), جناب فتح احمدخان (مدیر, انڈین اسپیچ) اور صحافی یوسف رانا (نمائندہ اردو ٹائمز ممبئی) و ریاستی صدر پتر کار وکاس فاؤنڈیشن نے شرکت کی. 

صحافی یوسف رانا نے صحافتی سیمینار کے اغراض و مقاصد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے مختلف مسائل کو حل کرنے کیلئے سب سے پہلے سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا بہت ضروری ہے. ریاستی و مرکزی حکومت کی جانب سے صحافیوں کیلئے مختلف اسکیمیں حاصل کرنے کیلئے پترکار وکاس فاؤنڈیشن کام کررہی ہے. موصوف نے کہا کہ ورکنگ صحافیوں کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف, بڑے شہروں میں کام کرنے والے صحافیوں کیلئے رہائشی فلیٹ, چھوٹے شہروں میں کالونی, بزرگ و بیمار صحافیوں کیلئے میڈیکل و طبی سہولیات, ہیلتھ انشورنس اور بھی بہت سی دیگر سہولیات ملنی چاہئے. 


پترکار وکاس فاؤنڈیشن کے صحافتی سیمینار کے صدر اسماعیل شیخ کی جانب سے تمام ہی مہمانان کرام کا استقبال کیا گیا. بحیثیت صدر اردو میڈیا سینٹر انھوں نے کہا کہ صحافتی ورکشاپ, سیمینار اور صحافیوں کے دیگر تقریبات کیلئے میڈیا سینٹر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں. نیز شہر کی مختلف تنظیموں سے وابستہ صحافی حضرات پترکار وکاس فاؤنڈیشن کے ساتھ ہیں. اسی طرح سے جناب مشیر انصاری (سینئر صحافی) اور جناب ستیہ پرکاش تیواری(مدیر, سب کی خبریں) نے اپنے خیالات کا اظہار کیا. مقامی پترکار وکاس فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کی جانب سے پروفیسر ایس این انصاری اور فرنود رومی نے جدید صحافت پر اظہار خیالات کرتے ہوئے نمائندگی کی. 

صحافتی سیمینار کا آغاز عمار انصاری کی قرأت سے ہوا. اس پروگرام کی نظامت معروف ناظم رضوان ربانی نے بخوبی نبھائی. وہیں تحریک صدارت معروف ناظم مشاعرہ عمران راشد نے پیش کی. اس پروگرام میں مقامی نوجوان صحافیوں اور سوشل ورکر شفیق انٹی کرپشن کی جانب سے تمام مہمانان کرام کا استقبال کیا گیا. پروگرام میں عتیق خطیب, صابر گوہر, شہزاد اختر, منصور اکبر, زاہد بیباک, عبداللہ انصاری, ریحان اختر, سمیر انڈین، مجاہد ساگر, عزیزالرجمن, انور شیخ, اشفاق عمر, جابر شاہ اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی.

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے