مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں عام آدمی پارٹی کو اقتدار ملا تو دہلی ماڈل نافذ کیا جائے ‏گا

مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں عام آدمی پارٹی کو اقتدار ملا تو دہلی ماڈل نافذ کیا جائے گا

ورکروں کی محنت اور عآپ کے جھاڑو سے مالیگاؤں کی بدعنوانی صاف ہوگی: کشور مندھیان

اردو میڈیا سینٹر میں عام آدمی پارٹی کے ریاستی لیڈران کی آمد اور پریس کانفرنس


مالیگاؤں : 17 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) دہلی میں اروند کیجری وال کی قیادت میں تقریباً دس برس قبل 2012ء میں بدعنوانی کے مکمل خاتمہ اور عام آدمی کی بنیادی ضروریات کو عوامی خزانہ سے پورا کرنے کی غرض سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کی بنیاد ڈالی گئی انتہائی کم عرصہ میں یہ پارٹی ملک کی تیسری سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ملک بھر میں مقبول ہورہی ہے ان جملوں کیساتھ ریاستی سکریٹری دھننجے شندے نے اردو مراٹھی صحافیوں کے روبرو اردو میڈیا سینٹر میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتلایا کہ آئندہ دو تین مہینوں میں مہاراشٹر کی مختلف کارپوریشن کے الیکشن ہونیوالے ہیں اور پارٹی کے قومی کنوینر اروند جی کیجریوال کی ایماء پر مہاراشٹر کے ان الیکشنز میں عام آدمی پارٹی پوری تیاری کیساتھ حصہ لیگی۔ انہوں نے بتلایا کہ عام آدمی پارٹی دہلی اسمبلی میں اقتدار پر ہے جبکہ دہلی کی تینوں کارپوریشنز میں مضبوط اپوزیشن کا رول ادا کررہی ہے انہوں نے بتلایا کہ دہلی کے علاوہ پنجاب میں بھی اہم اپوزیشن اور گجرات کے سورت ضلع میں بھی پہلی مرتبہ 27,کارپوریٹرس کی کامیابی کیساتھ دوسرے نمبر کی پارٹی بن کر ابھری ہے اور اب ہماری نظر مہاراشٹر کی سیاست پر ہے جس کیلئے ہم نے مالیگاؤں سے اپنی تنظیمی طاقت کو مضبوط کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کو کنوینر کشور مندھیان نے عام آدمی پارٹی کے اصول و ضوابط اور عام آدمی کی بنیادی ضرورت کو پورا کرنا عآپ کا مقصد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں کی سیاست میں بدعنوانی کا بول بالا ہے۔ مقامی ذمہ داران نے ہمیں بتلایا ہیکہ مالیگاؤں کی سیاست میں صرف 5,خاندانوں کی اجارہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی چیز کو صاف کرنے کیلئے جھاڑو اور پانی کی ضرورت پڑتی ہے عام آدمی پارٹی کے ورکروں کی محنت مالیگاؤں کی بدعنوانی کو صاف کرنے کیلئے پانی کا کام کرے گی اور عآپ کے انتخابی نشان جھاڑو سے اس بدعنوانی کو صاف کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی ہم نے مہاراشٹر میں عآپ کی بنیاد ڈالنے کا کام شروع کیا ہے۔ اسلئے بہت بڑے دعوے نہیں لیکن پوری طاقت سے میونسپل کارپوریشن کا الیکشن لڑیں گے اور عام آدمی کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے جدو جہد کریں گے۔ 
اس پریس کانفرنس سے وجئے کمبھار، سدھارتھ شیجوڑ، وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔
واضح رہے کہ ناسک سے آئے ہوئے سدھارتھ شیجوڑ نے ریاستی لیڈران اور مہمانوں کا تعارف پیش کیا، عابد بھائی نے پارٹی کی مختصر کارکردگی بیان کی جبکہ مقامی کنوینر نفیس احمد مظفر حسین نے مستقبل کی پلاننگ سے حاضرین کو واقف کروایا۔ ریاستی لیڈران میں عام آدمی پارٹی کے ریاستی کنوینر رنگاجی راچورے، کو کنوینر کشور جی مندھیان،سنگھٹن منتری وجئے کمبھار، سکریٹری دھننجے شندے، اور سدھارتھ شیجوڑ کا شمار ہے نظامت کے فرائض اور رسم شکریہ مشتاق احمد کمال الدین نے ادا کیا۔ 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے