جنتادل سیکولر کے عوامی و فلاحی کام اور بدعنوانی مخالف تحریکوں نے شہریان پر گہری چھاپ چھوڑی ہے :ایڈوکیٹ خلیل انصاری
جنتا دل سیکولر و مالیگاؤں شہر یوا جنتادل کی باڈی تحلیل ، اگست ماہ میں نئی باڈی کی تشکیل ،نئے چہروں کو ذمہ داریاں دینے کی تیاری
مالیگاؤں :18 جولائی (پریس نوٹ) جنتادل سیکولر شہر میں عوامی مسائل کی یکسوئی اور سماجی کاموں کیلئے اپنی ایک الگ شناخت رکھتی ہے. سیاسی طور پر پارٹی نے ہمیشہ شہری مسائل کے حل کیلئے کوششیں کی ہیں جو کہ اکثریت سے کامیاب بھی ہوئی ہیں جن کی بدولت عوام کو راحت ملی ۔جنتادل سیکولر کے عوامی، فلاحی کام اور تحریکوں نے، خصوصاً بدعنوانی مخالف تحریک نے مالیگاؤں شہر میں کانگریس مخالف جو فضاء قائم کی اس کے اثرات پچھلے کئی مہینوں سے شہر بھر میں نمایاں رہے ہیں۔ یہ سب کچھ اس لئے ممکن ہوتا آیا ہے کہ پارٹی ایک تنظیم کے طور پر کام کاج کرتی رہی ہے اور آگے بھی مزید مضبوط تنظیمی ڈھانچے کے ساتھ شہر کے حق میں سعی کی جاتی رہے گی۔
جنتادل سیکولر کے شہری صدر ساتھی بلند اقبال کے انتقال کے بعد اسمبلی الیکشن کی سرگرمیوں میں پوری طاقت و دیانتداری سے جدوجہد کی گئی جس کیلئے اُس وقت ورکروں کی رائے سے شانِ ہند نہال احمد صاحبہ اور ناچیز (ایڈووکیٹ خلیل احمد انصاری) کو کارگذار صدر کا عہدہ تفویض کیا گیا۔ اس درمیان پارٹی کی مسندِ صدارت خالی ہونے پر شہر سے جو نام عہدۂ صدارت کیلئے سامنے آئے ان پر اتفاق رائے نہ بن پانے اور اُس کے بعد کورونا بحران کی وجہ سے معاملہ التواء کا شکار رہا۔مگر کورونا بحران میں بھی پارٹی ذمہ داران خصوصاً کارگذار صدر شانِ ہند صاحبہ و سیکریٹری مستقیم ڈِگنیٹی نے شہر کے حق میں جو خدمات انجام دیں وہ اظہر من الشمس ہیں۔بطورِ خاص بدعنوانی، عوامی خزانے کی لوٹ مار، تلواڑہ تالاب سے مالیگاؤں کا حق تلف کرنے کے خلاف جنتادل سیکولر کی جمہوری تحریک نے شہر پر گہری چھاپ چھوڑی۔ جنتادل سیکولر کی تحریکوں سے متاثر ہو کر پارٹی سے عوام و خواص کی قربت میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ شہری مسائل کے حل کیلئے جنتادل سیکولر سے شہریان کے ایک بڑے طبقے کی امیدیں وابستہ ہیں۔
موجودہ منظر نامے میں جنتادل سیکولر سے جُڑنے والی کئی سرکردہ شخصیات کو باقاعدہ تنظیمی کام کاج سے جوڑنے کی پارٹی ورکروں اور ذمہ داران کی خواہش کے مدنظر پارٹی کی صدارت کو لے کر غور و خوض کیا گیا اور یہ طئے پایا کہ پارٹی کے سَنگٹھن کو نئے چہروں تک پہنچانے کیلئے ضروری ہے کہ جنتادل سیکولر، مالیگاؤں شہر اور یوا جنتادل کی موجودہ باڈی بشمول سبھی عہدوں کے فوری طور پر غیر فعال کر دیا جائے اور آئندہ اگست مہینے میں کوئی تاریخ متعین کرکے پارٹی کیلئے مستقل صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے۔ باقاعدہ مستقل صدر کے انتخاب کے بعد شہر بھر میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کیلئے عہدوں کی تقسیم کی جائے گی۔
جاری کردہ: ایڈووکیٹ خلیل احمد انصاری (کارگذار صدر جنتادل سیکولر ،مالیگاؤں)
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com