قرآن کریم سے اپنے رشتے کو مضبوط کیجئے ،
زیل فاؤنڈیشن کے تجوید قرآن کورس کی تکمیل پر مفتی ثناء الہدی قاسمی کا خطاب
پٹنہ19 جون (پریس ریلیز) قرآن ضابطۂ حیات انسانی ہے۔ قرآن سے ہمارا رشتہ جتنا مضبوط ہوگا ہماری زندگی اُسی قدر اللہ کے احکامات کے مطابق ہوگی۔ یہ باتیں امارت شرعیہ، پٹنہ کے نائب ناظم اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے زیل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر فائونڈیشن کے ذریعہ آن لائن تجوید قرآن کورس کی تکمیل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت مومن ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم قرآن کریم کو اس کے معانی و مفہوم کے ساتھ سمجھ کر پڑھیں لیکن قرآن کریم کا اختصاص یہ بھی ہے کہ اگر کسی وجہ سے ہم اس کے مفہوم کو سمجھنے سے قاصر ہوں تو بھی ہمیں اس کے متن کی قرات کا ثواب ملتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے اس مشہور حدیث کا حوالہ پیش کیا جس میں اللہ کے رسول ﷺ نے بتایا تھا کہ قرآن مجید کے ہر حرف کے بدلے ایک نیکی ملتی ہے، میں یہ نہیں کہتا کہ ’’الم ‘‘ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ہے، لام ایک حرف ہے اور میم ایک حرف ہے۔ مفتی ثناء الہدی قاسمی نے بتایا کہ اللہ کے رسول نے یہاں بطور مثال حروف مقطعات کا استعمال کر کے یہ اشارہ پیش کر دیا ہے کہ قرآن کریم کی صرف قرات میں بھی اجر و ثواب ہے۔ کیوں کہحروف مقطعات کا مطلب آج تک کسی پر واضح نہیں ہو سکا ہے۔ مفتی ثناء الہدی قاسمی نے مختلف مثالوں کے ذریعہ بتایا کہ نادانستہ طور پر ہم میں سے اچھے خاصے پڑھے لکھے لوگ بھی قرآن کی قرات میں کہاں کہاں غلطیاں کر بیٹھتے ہیں اور ان غلطیوں کے نتیجے میں معنی و مفہوم میں کس حد تک تبدیلی پیدا ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نماز میں کوئی سورۃ غلط تلفظ کے ساتھ پڑھ دی جائے اور غلط تلفظ کی وجہ سے معنی میں تبدیلی پیدا ہو رہی ہو تو نماز تک فاسد ہو جانے کا خطرہ رہتا ہے۔ اس لیے ہم میں سے ہر شخص کو چاہیے کہ وہ تجوید قرآن کے بنیادی اصولوں سے واقفیت حاصل کر لے۔ مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے آن لائن تجوید قرآن کورس کے کامیاب انعقاد پر زیل فائونڈیشن کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کا آغاز مبشر حیات خاں کی تلاوت سے ہوا۔ واضح رہے کہ زیل فائونڈیشن کی طرف سے تجوید قرآن کا آن لائن کورس 19 مئی کو شروع ہوا تھا۔ اس کورس میں بحیثیت اساتذہ مولانا نظر الہدی قاسمی، قاری حسن امام قاسمی اور محمد عطاء کریم ندوی نے کلاسز لی تھیں۔ اس کورس میں اساتذہ، ڈاکٹر، انجینئر ، اسکول کالج یونیورسٹیز کے طلبہ نے حصہ لیا تھا۔ شرکا نے کورس کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ محض ایک ماہ کی مدت میں انہیں گھر بیٹھے تجوید کے ساتھ قرآن پڑھنے کا طریقہ سکھایا گیا۔ یہ سلسلہ بہت ہی مؤثر ہے۔ مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی کی دعا پر آن لائن تجوید قرآن کا یہ کورس مکمل ہوا۔ اختتامی پروگرام میں مفتی محمد سراج الہدی ندوی ازہری، انوار الحسن وسطوی، ڈاکٹر منصور خوشتر،مولانا سید مکرم حسین ندوی، ڈاکٹر تزئین قمر،حبیب مرشد خاں، ڈاکٹر عارف حسن وسطوی، سید پرویز انجم، ڈاکٹر نشاط اختر،قمر اعظم صدیقی،شارق خاں، تابش نقی، یوسف آزاد، تنویر عالم،ایس ایم نور اللہ، عبد الرحیم، ابصار بلخی، صالحہ فردوس،شارق خاں،ظفر شریف ، صبغۃ اللہ رحمانی،سمیت ریاست و بیرون ریاست کے متعدد افراد نے شرکت کی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com