اسی لئے تو اسے رازداں بنایا ہے
مالیگاؤں(پریس ریلیز ) شہر مالیگاؤں کی ادبی سرزمین پر ان دنوں مزید زرخیزی کے آثار نظر آرہے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے متاثر ادبی حلقوں میں اس وقت شادابی نظر آئی جب بزم خلوص کی جانب سے 18 جون 2021 کو مومن پورہ المرجان ہال میں فی البدیہہ شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست کی صدارت محسن اردو ادب جناب یحی عبدالجبار صاحب نے فرمائی۔ جبکہ نگرانی و سرپرستی مشہور شاعر جناب آزاد انور صاحب نے فرمائی۔ اس با مقصد فی البدیہہ نشست کی خاصیت یہ تھی کہ اس میں شہر مالیگاؤں کے تمام چھوٹے بڑے خاص و عام شعراء کرام نے بڑی دلچسپی سے شرکت کی۔ شعراء کرام کو رات میں 10 بجکر 50 منٹ پر "اسی لئے تو اسے رازداں بنایا ہے " یہ مصرع دیا گیا۔ مصرع دینے کے بعد طبع آزمائی کے لئے 45 منٹ کا وقت دیا گیا۔ اس 45 منٹ میں تقریبا 20 سے زائد شعراء نے اشعار کہے۔ جن کی خوب پذیرائی ہوئی۔ اس نشست میں جناب اقبال نذیر صاحب نے مہمان خاص کے طور پر شرکت فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض عمران راشد نے انجام دیئے۔ جناب مقصود اشرف اور عمران راشد کی کنوینر شپ میں منعقد ہونے والا فی البدیہہ شعری پروگرام نہایت کامیاب رہا۔
ماضی میں مالیگاؤں میں فی البدیہہ نشستیں منعقد ہوا کرتی تھیں جہاں پر شعراء کرام کو موقع پر مصرع دیا جاتا تھا اور دیئے گئے وقت میں شعراء کرام اس پر طبع آزمائی کرتے تھے۔ اس طرح ادبی ماحول تروتازہ رہتا تھا۔ لیکن ایک مدت سے یہ سلسلہ تھم چکا تھا۔ اسی کمی کو محسوس کرتے ہوئے بزم خلوص کے زیر اہتمام فی البدیہہ شعری نشست کا انعقاد ہوا۔ امید کی جارہی کہ ایسی نشستوں سے اصلی شعراء منظر عام آئیں گے اور اردو ادب کی مزید ترویج و اشاعت ہوگی۔
اس فی البدیہہ شعری نشست میں جناب اقبال نذیر ،خالد انور،آزاد انور،پرواز اعظمی ،رئیس ستارہ،عرفان ندیم، مقصود اشرف ، سراج احمد سراج ،ندیم ظفر ،فیاض سالک ، جاوید آفاق ، عبدالقدوس ارحم ،اعظم علی ممنون، اشفاق عالم صدیقی ، ہلچل مالیگانوی، سہیل انجم ، منتظم عاصی، عمران راشد، منتظم عاصی ، زبیر غازی ،عمران سمیع اور
شفیق حسن صاحبان نے شرکت فرماکر دیئے گئے مصرع پر طبع آزمائی فرمائی۔ صدر محترم جناب یحی عبدالجبار صاحب کے خطبہ صدارت سے اس با وقار و با مقصد فی البدیہہ شعری نشست کا اختتام ہوا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com