زرعی قوانین کو کمزور اور بے اثر کرنے کیلئے مہاراشٹر سرکار اسمبلی میں بل پیش کرے : ایم پی جے

زرعی قوانین کو کمزور اور بے اثر کرنے کیلئے مہاراشٹر سرکار اسمبلی میں بل پیش کرے : ایم پی جے

مالیگاؤں: 17 فروری (نامہ نگار زرعی قوانین کو بے اثر اور کمزور کرنے کیلئے مہاراشٹر کی سرکار اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں بل پیش کرے اسلئے کہ کسان مخالف تینوں زرعی قوانین صرف کسانوں کے ہی خلاف نہیں ہے بلکہ پورے ہندوستانی عوام کے لئے نقصان کا باعث ہوگا ۔اس قانون سے غریبی نہیں بلکہ غریبوں کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ اناج کے دام میں اضافہ ہوگا اور بازار میں قیمت سرمایا دار طئے کرینگے جس سے ذخیرہ اندوزوں اور کارپوریٹ گھرانوں کی چاندی ہوگی۔ اسلئے یہ لڑائی صرف کسانوں کی نہیں بلکہ عام انسانوں کی لڑائی بن چکی ہے۔ اسطرح کا اظہار اردو میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مومینٹ فار پیس اینڈ جسٹس فار ویلفیئر کے ریاستی نائب صدر عبدالعظیم پاشا نے کیا ۔ موصوف نے کہا کہ مستقبل میں راشن دکانوں سے اناج ملنا بند ہوجائے گا اور حکومت عوام کے اکاؤنٹ میں چند روپے جمع کردے گی اور اس چند روپے سے ایک ماہ کا راشن بھی نہیں ملے گا جس کے سبب سے ملک میں فاقہ کشی کی نوبت آئے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قانون سے اناج ، دال ، تیل ، پیاز ، آلو وغیرہ کو حکومت نے اشیاء ضروریہ کی فہرست سے ہٹا دیا ہے ۔اب ایسے حالات میں کسانوں کا ساتھ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ ایم پی جے کی جانب سے ریاست بھر میں گیارہ ہزار کارنر میٹنگیں اور تین اضلاع پر مشتمل عوامی و بیداری اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ جس میں مہاراشٹر سرکار سے مطالبہ کیا جائے گا کہ پنجاب ، راجستھان ، چھتیس گڑھ ، اور مغربی بنگال کی قانون ساز اسمبلی میں جس طرح کسان قوانین کو کمزور اور بے اثر کرنے کیلئے بل پیش کئے ہیں اسی طرح مہاراشٹر سرکار بھی اسمبلی میں کسان مخالف قانون کے خلاف بل پاس کریں۔ اس پریس کانفرنس میں ایم پی جے کے ریاستی نائب صدر عظیم پاشا ، ضلعی صدر ڈاکٹر ساجد رمضان ، ڈاکٹر عرفان رحمانی ،شہری صدر عمران احمد ، انیس عنبرین شریک تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے