دھولیہ میں مخیران قوم کے تعاون سےیک ہاسپٹل کا افتتاح، رعایتی داموں میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کے عزائم کے ساتھ انتظامیہ نے آج ہاسپٹل کو قوم کے لئے جاری کردیا
دھولیہ :2دسمبر (پریس ریلیز /بیباک نیوز اپڈیٹ) موجودہ کورونا مہاماری اوراس سے حاصل تلخ نتائج کو سامنے رکھ کر دھولیہ شہر کے مخیران و ہمدردان قوم نے اپنے ذاتی صرفے سے شہر دھولیہ کی عوام و ضرورت مندوں کے لئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آج ایک شاندار ہاسپٹل کا افتتاح کر دیا.. نیشنل ہائے وے سے متصل، دلاور ڈھابہ کے سامنے، نزد 100 فٹ روڈ پر لبیک ہاسپٹل کے نام سے معنون تمام تر سہولیات سے لیس ہاسپٹل کی افتتاحی تقریب میں علماء کرام و عمائدین شہر کے ساتھ ساتھ عوام الناس کا جم غفیر موجود تھا۔
اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے الفردوس حج عمرہ گروپ کے روح رواں اور اس ہاسپٹل کے محرک افتخار احمد المعروف منا سیٹھ و دیگر رفقاء نے بتایا کہ اس ہاسپٹل میں ICU، NICU،PICU جیسی تمام سہولیات موجود ہیں۔ 24 گھنٹے خدمات پر مشتمل اس ہاسپٹل میں ایمبولینس کی سہولت، عورتوں کے لئے، بچوں کے لئے اسپیشل ڈاکٹرس، آپریشن تھیٹر، زچہ خانہ و دیگر تمام معالجاتی خدمات موجود ہیں۔ عام طور پر جاری اخراجات کے مقابلے کافی رعایتی داموں میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کے عزائم کے ساتھ انتظامیہ نے آج ہاسپٹل کو قوم کے لئے جاری کر دیا ہے۔ شہر دھولیہ کے معروف معالجین کے ذریعے ان شاء اللہ تمام خدمات پیش کی جائے گی۔ انتظامیہ نے بتایا کہ اس ہاسپٹل کے دروازے بیرون شہر کے مریضوں کے لئے بھی 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ موجودہ حالات اور ہاسپٹل و علاج کی ضروریات کو پورا کرنے کی جانب عملی کوشش کرنے پر اہلیانِ دھولیہ نے انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔اسطرح کی تفصیلی پریس نوٹ نمائندہ بیباک کو موصول ہوئی ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com