مالیگاؤں میں بھیانک آتش زدگی میں تباہ و برباد ہو جانے والے مکانات کی دوبارہ تعمیر کا بیڑہ سنی جمیعتہ العلماء اور رضا اکیڈمی نے اٹھایا ......!مصیبت زدوں کی خدمت اسلامی تعلیم کا اہم حصہ ہے ،( الحاج محمد سعید نوری)

مالیگاؤں میں بھیانک آتش زدگی میں تباہ و برباد ہو جانے والے مکانات کی دوبارہ تعمیر کا بیڑہ سنی جمیعتہ العلماء اور رضا اکیڈمی نے اٹھایا ......!

مصیبت زدوں کی خدمت اسلامی تعلیم کا اہم حصہ ہے ،( الحاج محمد سعید نوری)

مالیگاؤں:30 نومبر (پریس ریلیز) جمعہ سنیچر کی درمیانی شب مالیگاؤں کے سید اظہار اشرف نگر میں آباد مسلمانوں کے مکانوں میں اچانک لگی بھیانک آگ حادثے نے ایک طرف پورے شہر میں سنسنی پیدا کردی تو وہیں جن مکینوں کے گھر اچانک آگ کی لپیٹ میں آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے خاکستر ہوگئے وہاں کے نوجوان، بزرگ، روتے بلکتے بچے اور پردہ نشین ماں بہنیں اس افتاد پر شدید رنج و صدمے سے دوچار ہیں ایسے حالات میں فوری طور پر آل انڈیا سُنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی مالیگاؤں کے وفد نے دورہ کیا، متاثرین کی داد رسی کی اور خانماں برباد مسلمانوں کو تسلی و تشفی کے کلمات ادا کئے۔
سنیچر کی ہی رات بعد نمازِ عشاء مسجد سید اظہار اشرف میں ایک میٹنگ محلہ کے سرکردہ افراد اور آتش زدگی کا شکار ہوئے خاندانوں کے ذمہ داران کے ساتھ منعقد کی، اس میٹنگ میں سُنی جمیعۃ العلماء کے مفتی واجد علی یارعلوی، حاجی یوسف الیاس، حاجی اطہر حسین اشرفی، قاری ہارون رضوی، عقیل کرانتی ،حافظ سراج احمد رضوی کے علاوہ رضا اکیڈمی کے ڈاکٹر رئیس احمد رضوی، شکیل احمد سبحانی، رضوی سلیم شہزاد، مولانا غلام فرید، حافظ شریف رضوی، حامد رضوی المعینی امتیاز خورشید وغیرہ ذمہ داران نے متاثرہ افراد کو تسلی و تشفی دیتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ جن افراد کے مکانات اس ناگہانی حادثہ میں جل کر خاک ہوئے ہیں، ان شاءاللہ ان مکانات کی دوبارہ تعمیر رضا اکیڈمی مالیگاؤں اور آل انڈیا سُنی جمعیۃ العلماء مالیگاؤں کی جانب سے کی جائے گی، اس موقع پر محلے کے سرکردہ افراد، نوجوانوں اور کارپوریٹرس کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو ریلیف کے کاموں کی نگرانی کرے گی۔
اتوار کی دوپہر ممبئی سے الحاج محمد سعید نوری، مولانا امان اللہ رضا، مولانا عباس رضوی، الحاج عارف رضوی و دیگر علماء و ذمہ داران بھی مالیگاؤں پہنچ گئے، دفتر رضا اکیڈمی پر ممبئی کے اس وفد کا استقبال سُنی جمعیۃ العلماء مالیگاؤں اور رضا اکیڈمی کے ذمہ داران نے کیا، یہاں وفد میں شامل ذمہ داران کے درمیان اہلسنت کی دونوں تنظیموں کی جانب سے کی گئی اب تک کی کاروائی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا خاکہ پیش کیا گیا۔ بعدہ مالیگاؤں ممبئی رضا اکیڈمی، آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء کے مشترکہ وفد نے آگ متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، اہلیانِ محلہ سے ملاقات کی، محلے کے نوجوانوں کی جانب سے فوری امداد و اعانت پر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی، جلے ہوئے مکانات کے ملبوں کو دیکھ کر ممبئی سے آئے وفد کی آنکھیں بھی اشکبار ہوگئیں، یہاں موجود متاثرین سے اظہار ہمدردی اور ہر طرح کی معاونت کا وعدہ کرتے ہوئے دعائے خیر کی گئی۔
اس موقع پر الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ ایک غریب بستی میں جن خاندانوں کی پوری زندگی کی کمائی دیکھتے ہی دیکھتے راکھ بن گئی ان کے لیے مکانات بناکر دینے کا جو عزم سنی جمیعتہ العلماء اور رضا اکیڈمی کے مقامی ذمہ داران نے کیا ہے وہ قابل ستائش ہے، حضور سیدِ عالم مصطفیٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی تعلیم ہمیں دی ہے کہ پریشان حال اور مصیبت زدہ و آفت زدہ لوگوں کی امداد و اعانت کی جائے، میری دعا ہے کہ یہ کام جلد ازجلد پایہء تکمیل کو پہنچے جس کے ذریعے بے گھر ہوجانے والے ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو سر چھپانے کے لیے دوبارہ اپنا وہ گھر نصیب ہوجائے جو انہوں نے بہت مشقتوں کے بعد بنایا تھا، آپ نے کہا کہ مالیگاؤں شہر کے مسلمان اپنے دینی تشخص کی وجہ سے ملک میں جانے پہچانے جاتے ہیں، مجھے امید ہے کہ مخیران شہر اس معاملے میں آگے بڑھ کر سنی جمیعتہ العلماء اور رضا اکیڈمی کے ساتھ تعاؤن کریں گے، مولانا عباس رضوی( ممبئی) نے کہا کہ بھیانک آگ میں جل کر خاک ہوجانے والے مکانات کو دیکھ کر میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے، اللہ تبارک و تعالیٰ ایسے اسباب پیدا فرمائے کہ جو عزم رضا اکیڈمی اور سنی جمیعتہ العلماء نے کیا ہے اس کے مطابق جلد سے جلد مکانات کی تعمیر ہوجائے، مولانا امان اللہ رضا نے کہا کہ بھیانک آگ میں بے گھر ہوجانے والوں کی جو خدمت اہلیان محلہ اور شہر کی مختلف تنظیموں کی جانب سے کی جارہی ہے اسے دیکھ کر مجھے بہت اطمینان نصیب ہوا، اللہ تعالیٰ خدمت خلق کے ان کاموں میں حصہ لینے والے تمام حضرات کو جزائے خیر دے..... 
رضا اکیڈمی ممبئی کے سکریٹری محمد عارف رضوی نے کہا کہ اس بھیانک آتش زدگی میں بے گھر ہوجانے والے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کے لیے مکانات بنا کر دینے کا جو منصوبہ سنی جمیعتہ العلماء اور رضا اکیڈمی نے مشترکہ طور پر بنایا ہے اس کے لیے میں ان دونوں تنظیموں کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اس وفد میں مفتی واجد علی یارعلوی ،مفتی نعیم رضا مصباحی ،مولانا احمد رضا ازہری، ڈاکٹر رئیس احمد رضوی ،الحاج یوسف الیاس ،رضوی سلیم شہزاد ،مولانا غلام فرید ،ڈاکٹر ارشد یوسف ،حافظ محمد ہارون رضوی، حافظ شریف رضوی ،حافظ مزمل حسین رضوی ، ماجد حسین، شامل تھے

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے