اسرائیل کے ساتھ متحدہ امارت اور بحرین کےباقاعدہ معاہدہ کو عالم اسلام سے غداری قرار دیتے ہوئے اس شر انگیز اقدام کی سخت مذمت :رضا اکیڈمی ‏


اسرائیل کے ساتھ متحدہ امارت اور بحرین کےباقاعدہ معاہدہ کو عالم اسلام سے غداری قرار دیتے ہوئے اس شر انگیز اقدام کی سخت مذمت :رضا اکیڈمی  
 
ممبئی : 16 ستمبر ( پریس ریلیز )  مولاناالحاج سعید نوری کی قیادت میں علمائے اہلسنت نے یہ واضح کیا کہ قبلۂ اول پر ناپاک قبضہ کرنے والے اسرائیل کے خلاف دنیا کے تمام مسلمان کئی دہائیوں سے متحد ہیں لیکن آج امریکی صدر ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں فائدہ پہنچانے کیلئے مٹھی بھر نام نہاد مسلم ممالک اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے کی حرکت کر رہے ہیں ، اس طرح وہ اپنے ہی پیروں پر کلہاڑی مار رہے ہیں ۔ الحاج محمد سعید نوری صاحب سربراہ رضا اکیڈمی نے اس بات پر زور دیا کہ عالم اسلام سے غداری کرنے والے ان ممالک کے عوام مفاد پرست حکمرانوں کو سبق سکھائیں گے ، اور امریکہ اپنے پٹھو حکمرانوں کی جو اس کے اشارے پر فلسطین کےکاز کو نقصان پہنچانے اور بیت المقدس کی حرمت پامال کرنے کی ناپاک حرکت کر رہے ہیں ،امریکہ بھی ان کی حفاظت نہیں کر سکے گا ۔نوری صاحب نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ تمام اسلامی ممالک اور دنیا کے تمام حق پسند ممالک اسرائیل کے معاملہ میں اقوام متحدہ،او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی  اداروں کی کئی قراردادوں سے بندھے ہوئے ہیں ، جن کے ذریعہ اسرائیل کو مسئلہ فلسطین کے حل اور قبلہ ٔاول کی آزادی کیلئے پابند کیا گیا ہے ۔ اسلئے کوئی بھی ملک کسی صدر امریکہ کے دباؤ میں آکر اسرائیل سے معاہدہ اور تعلقات استوار کرنے کی حرکت کرے گا ، تویہ عالم اسلام و عالم انسانیت و فلسطینی عوام کے ساتھ ناانصافی و غداری ہوگی ۔انہوں نے یہ کہا کہ صدر امریکہ چور دروازہ سےغاصب اسرائیل کیلئے عالمی برادری کے دروازہ کھولنے کی مجرمانہ کوشش کر رہے ہیں ، اس لئے ہم امریکہ اور خاص طور صدر ٹرمپ کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔مولانا عباس رضوی مبلغ تحریک درودو سلام نے کہا کہ امریکی صدر نےاس سے قبل یروشلم کو یکطرفہ طور پر اسرائیل کی راجدھانی تسلیم کرکے اور امریکی سفارت خانہ یروشلم منتقل کرکے شرانگیزی کی تھی ۔ اب متحدہ عرب امارت ، و بحرین کے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ میں بھی انہوں نے جو مذموم کردار ادا کیا ہے ، اس سے ان کی شبیہ مزید داغ دار ہوگئی ہے اور ہم اسرائیل کے ساتھ ساتھ انہیں بھی فلسطین میں ہونے والے جنگی جرائم ،حقوق انسانی کی خلاف ورزی اورفلسطینی عوام کے قتل عام کا مجرم تسلیم کرتے ہیں ۔مولانا محمد عمر نظامی سیکریٹری جمعیت علمائے اہل سنت نے اعلان کیا کہ امریکہ کی شہ پر بحرین اور متحدہ عرب امارت نے جو معاہدہ اسرائیل کے ساتھ کیا ہے  ہم اسے مسترد کرتے ہیں ۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ معاہدہ فلسطینی عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی حرکت اور فلسطین کے مقصد سے غداری کا اعلان ہے ۔چونکہ عرب ممالک کی’’ تنظیم عرب لیگ‘‘ اسلامی ممالک کی تنظیم ’’او آئی سی‘‘ بھی اس طرح کی حرکت سے بحرین و متحدہ عرب امارات کو روک نہیں سکی ، اسلئے ہم ان معاہدوں کو ان تنظیموں کی بھی ناکامی سمجھتے ہیں ۔ آج کا دن عرب تاریخ میں ایک سیاہ باب سمجھا جائے گا ،ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر’’ عرب لیگ ‘‘ اور’’ او ٓئی سی ‘‘بھی فلسطینی عوام کے مقصد کے تئیں مخلص ہیں تو وہ بحرین ، متحدہ عرب امارت کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں ۔ورنہ عالم اسلام ان تنظیموں کو بھی کبھی معاف نہیں کرے گا ، اور فلسطینی عوام کے مجرموں کی فہرست میں ان کا نام بھی شامل ہوجائے گا ۔آخر میں قائد ملت الحاج محمد سعید نوری نے مسجد اقصیٰ کی بازیابی اورمظلوم فلسطینیوں کے حق میں دعا فرمائی ۔اس میٹنگ میں شہزادۂ سراج ملت سید سبحانی میاں،امن میاں ، نور احمد رضوی ،حافظ شکیب رضا ،محمد مختار وغیرہ شریک تھے ۔.................................................... 
                        (Advertisement) 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے