سنسنی خیز :36 ہزار 4 سو 57 ووٹرس کی شکایت پرانت آفیسر کو پیش، ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کے تمام معاملات کی تحقیقات کی جائے
ڈپلیکیٹ ،بغیر ووٹر آئے ڈی نمبر ،بغیر فوٹو اور بغیر پتہ کے ووٹرس کیسے لسٹ میں شامل ہوئے؟ الیکشن محکمہ کے ملازمین اور بی ایل اوز شک کے دائرے میں
ہمارا مطالبہ پورا نہ ہوا تو سڑکوں پر نکل کر احتجاج اور ایک فرد ایک ووٹ کا مطالبہ لیکر ہائی کورٹ جائیں گے :آصف شیخ
مالیگاؤں :18 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں سینٹرل حلقہ اسمبلی میں بوگس ووٹرس، ڈپلیکیٹ ووٹرس ،بغیر فوٹو اور بغیر ووٹر آئے ڈی نمبر اور بغیر پتہ والے ووٹرس کا معاملہ لیکر آصف شیخ نے گزشتہ 15 اگست سے ایک فرد ایک ووٹ کی مہم شروع کی ہے اور اب تک آصف شیخ نے مقامی الیکشن محکمہ و پرانت آفیسر کو 36 ہزار 4 سو 57 ووٹرس کی شکایت درج کرائی ہے ۔ان میں ڈپلیکیٹ و ٹرپل اور اس سے زائد ووٹ رکھنے والے 2500 ووٹرس کے ناموں کی فہرست شیخ آصف نے پرانت آفیسر پیش کی ہے اسی طرح 8715 بغیر ووٹر آئے ڈی نمبر اور بغیر فوٹو والے ووٹرس کی بھی شکایت کی ہے ۔اسطرح کی تفصیلات شیخ آصف نے آج پرانت آفیسر وجئے آنند شرما سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں کو دی ۔موصوف نے بتایا کہ آج ہم نے 25 ہزار 242 ایسے ووٹرس کی شکایت درج کرائی ہے جنکے نام تو ووٹر لسٹ میں شامل ہیں لیکن انکا کوئی اتا پتا نہیں ہے نہ ہی انکا گھر نمبر ہے نہ ہی انکی گلی محلے کا کچھ پتہ ہے ۔شیخ آصف نے کہا کہ ہم نے پرانت آفیسر یہ تمام شکایت پیش کرتے ہوئے تحقیقات کرنے اور ووٹر لسٹ کو شفاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ان معاملات میں جو ملازمین اور بی ایل اوز شامل ہیں انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔
شیخ آصف نے مطالبہ کیا ہے کہا کہ الیکشن محکمہ پہلے ان ووٹرس کی جانچ کرے اور اگر یہ ووٹرس واقعی میں قانونی طور سے ہیں تو انہیں درست کریں اور اگر یہ تمام ووٹرس خاطی پائے جاتے ہیں تو انکے نام ووٹر لسٹ سے ڈیلیٹ کردیا جائے ۔شیخ آصف نے کہا کہ ان ووٹرس میں کسی بھی سیاسی پارٹی کے ورکر کی ووٹ نظر آتی ہے تو اسے بھی کٹ کردیا جانا چاہئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر آپ کی ایک سے زائد ووٹ ہیں تو پہلے اسے کٹ کروالیں اور اپنے کاغذات کسی کو بھی نہ دیں ورنہ آپ بھی قانون کی زد میں آسکتے ہو ۔شیخ آصف نے کہا کہ اگر الیکشن محکمہ خاطر خواہ کارروائی نہیں کرتا ہے توہھر ہم سڑکوں پرنکل کر سخت سے سخت احتجاج کرینگے اور اگر پھر بھی ہمارا مطالبہ پورا نہ ہوا تو ہم ہائی کورٹ کا راستہ اختیار کریں گے ۔شیخ آصف نے کہا کہ جلد ہی ہم بوگس ووٹرس معاملہ میں ایک سنسنی خیز خلاصہ کریں گے کہ کس طرح شہر میں بوگس ووٹرس کا اضافہ ہوا اور کون کون اس میں شامل ہیں ۔؟
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com