بقرعید : مہاراشٹرا سرکار کی گائیڈ لائن سے مسلمان ناراض، مسلمان سادگی کے ساتھ عید الاضحیٰ کا تہوار منائے اور دینی مدارس کا خصوصی خیال کریں ۔کل جماعتی تنظیم ‏


بقرعید : مہاراشٹرا سرکار کی گائیڈ لائن سے مسلمان ناراض، 
مسلمان سادگی کے ساتھ عید الاضحیٰ کا تہوار منائے اور دینی مدارس کا خصوصی خیال کریں ۔کل جماعتی تنظیم 


مالیگاؤں : 26 جولائی (پریس ریلیز) موجودہ صورت حال میں  کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ صاف صفائی  کا غیر معمولی انتظام کرے اس طرح کی گزارش گذشتہ شام کل جماعتی تنظیم کی ایک اہم میٹنگ میں کی گئی جو جماعت اہل حدیث کے مرکزی دفتر اہل حدیث منزل گولڈن نگر میں بزرگ عالم دین مولانا عبدالحمید ازہری کی صدارت میں منعقد ہوئی تھی. جس میں درج ذیل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. 
1)چونکہ مہاراشٹر سرکار کی ہدایت کے پیش نظر امسال عیدالاضحیٰ کے موقع پر جو کہ مسلمانوں کا عظیم تہوار ہے اور جس میں صاحب حیثیت مسلمان پر فرداًفرداً قربانی فرض ہے کارپوریشن عارضی سلاٹرہاؤس کا نظم نہیں کرے گی جس سے ماضی میں تھوڑے سے وقت میں صاف صفائی کا کام ہو جاتا تھا۔ موجودہ صورت حال میں کل جماعتی تنظیم کارپوریشن سے مطالبہ کرتی ہیکہ وہ صاف صفائی کا ایسا نظم کرے کہ قربانی کے جانور سےمتعلق سارا فضلہ وغیرہ مناسب ٹھکانوں پر پہنچوائیں اور شہر میں گندگی اور غلاظت نہ پھیلنے پائے یہ ایام عید میں کارپوریشن کی اولين ذمہ داری ہے۔ 
2)عوام سے کل جماعتی تنظيم پرزور اپیل کرتی ہیکہ وہ خود بھی صاف صفائی کا غیرمعمولی خیال رکھیں اور گندگی اورغلاظت بڑھنے نہ دیں۔
چونکہ فرقہ پرست عناصر ایک عرصہ سے مدارس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں کہ کسی طرح وہ یاتو بند ہوجائیں یا اتنے پریشان ہوجائیں کہ نئے مدارس کھلنے نہ پائیں۔رنگین جانوروں کی پابندی بھی اسی پالیسی کا ایک حصہ ہےاور اب صورتحال یہ ہے کہ اہل مدارس بھی چمڑا اٹھانے سے گریز کر رہے ہیں اس لئے کل جماعتی تنظیم دینی مدارس کی بقاءاوراستحکام کے لیے مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ قربانی کرنے والے حضرات مدارس کو اپنی بساط کے مطابق صدقات و عطیات سے نوازیں اور رسید بنوائیں ۔ساتھ   ساتھ عامۃ المسلمین سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ہر مسلمان عیدالاضحیٰ کے موقع پر کم از کم سو 100روپے کی رسید کسی بھی مدرسے کی بنائیں چاھے اس پر قربانی فرض ہو یا نہ ہو اور صاحب حیثیت حضرات  دل کھول کررسید بنوائیں۔
یہ بات علم میں آئی ہے کے سات پوڑا بھی جانور کا ایک قیمتی حصہ ہے اس لیے جلد از جلد حاصل کرکے اسے خریدنے والوں سے رابطہ قائم کرکے ان کے حوالے کر دیں تو امید ہے کہ چرم قربانی سے زیادہ معاوضہ اس کا مل جائےگا۔
اس لئے اہل مدارس کی طرف خصوصی توجہ دیں اور باہمی صلاح و مشورہ بھی کریں. 
میٹنگ میں یہ بھی طے ہوا کہ کل جماعتی تنظیم کا ایک وفد کمشنرسے ملاقات کرکے کارپویشن کو صفائی کی طرف توجہ کرائے اور ساتھ ہی ایک وفد ایس پی صاحب سے مل کر ان کو ایک میمورنڈم دے اور ان کے ذریعہ سرکار کو یہ بتایا جائے کہ سرکار کی موجودہ گائیڈ لائن سے مسلمان بہت مایوس ہوئے ہیں ۔
میٹنگ میں کل جماعتی تنظیم کی توسیع کے سلسلے میں کئی افراد کے ناموں کا اضافہ کیا گیا. اس میٹنگ میں مولانا عبدالحمید ازہری کے علاوہ مولانا شکیل احمد فیضی، فیروز اعظمی، یوسف الیاس، یوسف سیٹھ نیشنل والے، صوفی سعید سعدی، مولانا عبدالقیوم قاسمی، حافظ اشفاق محمدی، عبدالعظیم فلاحی، اکبر سیٹھ اشرفی، اطہر حسین اشرفی، حافظ عنایت محمدی، نورالعین صابری، حافظ جمال ناصر ایوبی، ڈاکٹر اخلاق،مولانا عبدالرحمن جمالی سمیت دیگر نمائندہ شخصیات موجود تھیں. اس طرح کی تحریری اطلاع مولانا جمال عارف ندوی کی جانب سے فراہم کی گئی.

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے