ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹ کا کاروبار شدید مشکلات سے دوچار، سرکار اضافی قیمتوں کو واپس لیں ورنہ سخت احتجاج
ناسک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مرکزی وزارت پٹرولیم سے کیا مطالبہ
ناسک : 29 جون (پریس ریلیز /بیباک نیوز اپڈیٹ) ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے اور ٹرانسپورٹ کا کاروبار جو پہلے ہی پریشانی کا شکار تھا اب اور زیادہ پریشانی کا شکار ہے۔ مرکزی پٹرولیم وزیر دھرمیندر پردھان اور روڈ ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری سے ناسک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر راجیندر فڈ، ناسک گڈس اینڈ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر پی ایم سینی نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیزل کے اضافہ شدہ داموں کو سرکار فوراً واپس لے ورنہ یکم جولائی کو ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف یک روزہ احتجاج کرتے ہوئے ہم سیاہ پٹیاں باندھ کر کام کریں گے۔ناسک ٹرانسپورٹ اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ملک اور ریاست میں کورونا بحران کا سامنا کرتے ہوئے صنعت ، کاروبار اور عام شہریوں کو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ پُر امید صورتحال کے تحت گذشتہ بیس دنوں سے زائد عرصے سے ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ایک تاریخی اونچائی پر آگیا ہے جس کے باعث پورے ملک میں ٹرانسپورٹ کا کاروبار مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی نقل و حمل کے اخراجات بڑھ رہے ہیں۔ جسکا اثر اجناس کی قیمت پر ہو رہا ہے اور بڑھتے افراط زر کے ساتھ شہری بھی مشکلات میں پڑ جائیں گے۔ ایک طرف تو کورونا بحران پہلے ہی بہت سوں کی روزی روٹی پر اثر انداز ہوا ہے اور یہ وجہ سے مہنگائی کا شکار عوام ہورہی ہیں۔ حکومت کو صنعت کے ساتھ ساتھ شہریوں کے قہر کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ایک طرف ملک میں ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو ڈیزل اور پیٹرول کے داموں میں اضافہ کے سبب بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جو دن بدن کم ہونے کی بجائے بڑھتے جارہے ہیں ۔ تاہم ایسا نہیں لگتا ہے کہ حکومت کو اس بارے میں کوئی فکر ہے۔ اگر حکومت نے قیمتوں میں کمی نہ کی تو نقل و حمل کرنے والوں کے لئے سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں بچا ہے۔ لہذا ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے توسط سے صدر راجندر فڈ اور پی ایم سینی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لے اور اس شورش زدہ کاروبار کو بچانے اور شہریوں کے مفاد میں امداد فراہم کرے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com