مالیگاؤں میں رضا اکیڈمی کی جانب سے عرس تاج الشریعہ کا انعقاد منفرد انداز میں ہوگا،
الفی قرآن مع ترجمہ کنزالایمان کا خوب صورت اور قیمتی نسخہ پیش کر کے کرونا وبا کے دوران میتوں کو غسل دینے اور قبر کھودنے والے حضرات کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا
مالیگاؤں: 27 جون (پریس ریلیز /بیباک نیوز اپڈیٹ) کرونا وائرس کی سخت لپیٹ میں آنے والے مالیگاؤں شہر کا ہر وہ شخص قابل ِ ستائش ہے ، جس نے مشکل اوقات میں کسی مریض کی، کسی غریب کی، کسی ضرورت مند اور مستحق شخص کی کسی بھی انداز میں مدد کی ہو ، کوئی انہیں یاد کرے یا نہ کرے لیکن ایسے سارے لوگ اجر وثواب کے مستحق ہیں، ہر کسی کو انعام واکرام سے نوازنا تو بندوں کے بس کی بات نہیں لیکن معاشرے میں جذبہ ء انسانیت کو فروغ دینے کے لیے ایسے حضرات کی خدمات کا اعتراف ضرور کیا جانا چاہیے جنہوں نے اپنے کاموں کے ذریعے پورے سماج کو متاثر کردیا ہو اس فکر کے ساتھ شہر کی ایک معروف دینی و سماجی تنظیم رضا اکیڈمی کی جانب سے اتوار کو ایک خصوصی تقریب کا انعقاد تنظیم کے دفتر پر کیا جا رہا ہے ، اس تعلق سے تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے اکیڈمی کے مقامی صدر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے کہا کہ حضور تاج الشریعہ مفتی محمد اختر رضا خاں قادری ازہری علیہ الرحمہ کے دوسرے عرس مبارکہ کو کس انداز میں منایا جائے اس تعلق سے جب احباب کے ساتھ مشاورت جاری تھی تو یہ تجویز سامنے آئی کہ ہمارے شہر نے کرونا وائرس کے دور میں ایک طرف جہاں لاک ڈاؤن جیسی مشکلات کو برداشت کیا وہیں شہر کے لوگوں نے اپنے سیکڑوں اعزا و اقربا کو نمناک آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک بھی کیا، اس انتہائی مشکل اور آزمائش بھرے وقت میں گورکن بھائیوں نے قبریں کھود کر جو کام کیا اور میتوں کو غسل دینے کے لیے جن حضرات و خواتین نے آگے بڑھ کر اپنی خدمات پیش کیں، ان کی خدمات کا اعتراف کیا جانا چاہیے .....
اور کوئی ایسا یادگار تحفہ پیش کیا جانا چاہیے جو دنیا و آخرت میں بھی انہیں فائدہ پہنچائے اس طرح ہم سب نے اس بات پر اتفاق کر لیا کہ ترجمہ ء قرآن کنزالایمان کا تحفہ ان حضرات کی خدمت میں پیش کیا جائے ...... ،
رضا اکیڈمی کے رضوی سلیم شہزاد اور محمد افضل غازیانی نے بتایا کہ 28 جون 2020 اتوار کو دفتر رضا اکیڈمی پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں شہر کے 21 منتخبہ افراد کو رضا اکیڈمی نے مدعو کیا ہے جنہیں کرونا وبا کے دوران قبر کھودنے نیز میتوں کو غسل دینے کی خدمت انجام دینے کے سبب ترجمہ ء قرآن کنزالایمان کا اک ایسا خوب صورت اور قیمتی نسخہ پیش کیا جائے گا، جو اشاعت و طباعت کے نکتہ ء نظر سے بہت ساری خوبیوں سے مزین ہے ، سب سے اہم خوبی اس نسخے کی یہ ہے کہ اس کی ہر سطر الف سے شروع ہوتی ہے ، اسی لیے اسے الفی قرآن کا نام دیا گیا ہے ، اس قرآن کی کتابت اس انداز میں کی گئی ہے کہ ہر سطر میں الفاظ کم زیادہ ہونے کے باوجود یکسانیت نظر آتی ہے، انتہائی قیمتی اوراق پراس کی دیدہ زیب طباعت دیکھنے والے ہر شخص کو متاثر کرکے رکھ دیتی ہے ،
صدیقی شہزاد نے بتایا کہ
الفی قرآن کریم محدود تعداد میں دفتر رضا اکیڈمی پر موجود ہے،
خواہش مند حضرات غلام فرید، حاجی محمد رضوی اور امتیاز خورشید سے 9372727777، 9372721414 اور 9325088768 ان نمبرات پر رابطہ کرکے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں، موصوف نے کہا کہ اقرآن کریم کا یہ دیدہ زیب نسخہ مارکیٹ میں بھی آسانی سے دستیاب نہیں ہے عرس تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کے موقع پر رضا اکیڈمی مالیگاؤں نے رعایتی ہدیہ میں اسے لوگوں کو فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، واضح رہے کہ اس الفی قرآن میں اعلی حضرت امام احمد رضا خاں بریلوی علیہ الرحمہ کے ذریعے کیے گئے ترجمہ ء قرآن کنزالایمان کے ساتھ صدرالافاضل علامہ سید نعیم الدین مردآبادی علیہ الرحمہ کی تفسیر قرآن خزائن العرفان بھی موجود ہے ۔اس طرح کی تفصیلات رضا اکیڈمی مالیگاؤں نے بغرض اشاعت جاری کی ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com