مالیگاؤں کے سنگین حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے کرشن پرکاش صاحب کی تقرری خصوصی اختیارات کے ساتھ کی جائے، ریاستی حکومت سے رضا اکیڈمی کا پُرزور مطالبہ
رضا اکیڈمی کے مقامی صدر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی اور شکیل احمد سبحانی کی ریاستی وزراء نواب ملک، اسلم شیخ، الحاج سعید نوری اور ڈاکٹر ظہیر قاضی سے گفتگو
مالیگاؤں :11 مئی (پریس ریلیز / بیباک@ نیوز اپڈیٹ) شہر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے حملوں اور اموات کی شرح میں ہونے والے اضافوں کے مدنظر رضا اکیڈمی کے مقامی صدر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی اور شکیل احمد سبحانی نے مہاراشٹر کے اسپیشل آئی جی برائے وی آئی پی سیکیورٹی کرشن پرکاش سے گفتگو کی اور شہر میں عوام کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے ان سے مالیگاوں میں اپنی خدمات انجام دینے کی پرزور گزارش کی، اس ضمن میں ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے کہا کہ اس گفتگو کے بعد ہمیں علم ہوا کہ موصوف مالیگاؤں کے موجودہ حالات اور مسائل سے نہ صرف واقف اور آگاہ ہیں بلکہ وہ مالیگاوں کے لیے بہت زیادہ فکر مند بھی ہیں، انہوں نے ہمیں یقین دلایا کہ اگر ریاستی حکومت مجھے مالیگاوں میں خدمت انجام دینے کا موقع دیتی ہے تو میں اس ذمہ داری کو قبول کرنے کے لیے تیار ہوں ۔شکیل احمد سبحانی نے بتایا کہ اس تعلق سے ہم نے رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری سے جب بات کی تو موصوف نے کہا کہ آپ لوگ ریاستی وزراء نواب ملک اور اسلم شیخ ان دونوں صاحبان سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں تفصیلات سے آگاہ کریں، ان حضرات نے توجہ دی تو یہ کام ممکن ہوسکتا ہے... موصوف نے کہا کہ ہم بھی ان سے بات کرتے ہیں اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اس تعلق سے شردپوار صاحب اور وزیر اعلی مہاراشٹر شری ادھو ٹھاکرے و نائب وزیر اعلی شری اجیت پوار سے بھی گفتگو کی جائے گی اور ان سے درخواست کی جائے گی...
ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے ریاستی وزراء نواب ملک اور اسلم شیخ سے اپنی گفتگو میں کہا کہ مالیگاؤں شہر کو کرونا وائرس کی وباء سے نجات دلانے کے لیے ایسے بڑے اور فوری اقدام ضروری ہیں جس سے عوام اور انتظامیہ کے مابین اعتماد کا ماحول قائم ہوسکے اور اس کے لیے سب سے موزوں نام آئی جی کرشن پرکاش صاحب کا ہی ہے، کرشن پرکاش صاحب سے نہ صرف مالیگاؤں کے عوام بے پناہ محبت کرتے ہیں بلکہ موصوف خود بھی اس شہر سے اور اس شہر کے لوگوں سے محبت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب مالیگاؤں ایک انتہائی مشکل امتحان سے گزر رہا ہے تو وہ شہر میں آکر اپنی خدمات انجام دینے کو تیار ہیں، ریاستی وزیر نواب ملک اور اسلم شیخ نے ڈاکٹر رئیس رضوی کو یہ یقین دلایا کہ آپ لوگوں کی اس گزارش کے مطابق ہم لوگ خود کرشن پرکاش صاحب سے گفتگو کریں گے اور یہ کوشش کریں گے کہ انہیں ریاستی حکومت خصوصی اختیارات کے ساتھ مالیگاوں میں خدمت انجام دینے کا موقع دے،
رضوی سلیم شہزاد نے بتایا کہ ڈاکٹر ظہیر قاضی سے بھی اس ضمن میں ڈاکٹر رئیس رضوی نے گفتگو کی، موصوف نے ہمیں یقین دلایا کہ میں خود بھی اس تعلق سے وزیر اعلی شری ادھو ٹھاکرے سے گفتگو کرتا ہوں تاکہ مالیگاؤں کے سنگین حالات کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔(غلام فرید)
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com