لیونگ سرٹیفکیٹ میں غلطیوں کی تصحیح کیلئے اسکولوں کو پابند بنایا جائے :ایڈوکیٹ توصیف شیخ
ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ایڈمنسٹریٹو آفیسر سے سرکلر جاری کرنے سماجوادی وفد کا مطالبہ
مالیگاؤں: 7 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)سماجوادی پارٹی کے ذمہ داران، مستقیم ڈگنیٹی اور شانِ ہند کی سرپرستی میں پارٹی وفد نے سیکرٹری ایڈوکیٹ توصیف شیخ کی قیادت میں اسکول بورڈ ایڈمنسٹریٹو آفیسر سے ملاقات کی اور اسکول چھوڑ چکے طلبہ کے لیونگ سرٹیفکیٹ (LC) اور جنرل رجسٹر میں موجود نام، تاریخِ پیدائش، ذات یا سرنیم وغیرہ کی غلطیوں کی تصحیح کے حوالے سے ایک اہم میمورنڈم پیش کیا۔اس موقع پر راحیل بھائی نے بتایا کہ عام طور پر اسکول انتظامیہ اور ایجوکیشن افسران یہ کہہ کر طلبہ کے کاغذی درستی کی درخواست مسترد کر دیتے ہیں کہ طالب علم اسکول چھوڑ کر جا چکا ہے اور اب تصحیح نہیں ہو سکتی۔ تاہم ممبئی ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے (ریٹ پٹیشن نمبر 73126، فیصلہ 13 جولائی 2026) اپنے اہم آرڈر میں یہ واضح کر دیا ہے کہ صرف اسکول چھوڑ دینے کی بنیاد پر کسی طالب علم کے دستاویزات میں تصحیح سے انکار کرنا غلط ہے۔اگر ضروری ثبوت اور دستاویزات موجود ہوں تو اسکول انتظامیہ اور ایجوکیشن آفیسر کو یہ درستی کرنی ہوگی۔
سماجوادی پارٹی وفد نے ایڈوکیٹ توصیف شیخ کی قیادت میں ہائی کورٹ کے احکامات کی کاپیاں اے او کے سپرد کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ کارپوریشن و پرائیویٹ اسکولوں کے لیے ایک گائیڈ لائن اور سرکلر جاری کیا جائے۔ اس سے ان طلبہ کو راحت ملے گی جن کے نام کے ہجّے (اسپیلنگ)، والد کا نام یا تاریخِ پیدائش کا ریکارڈ دوسرے کاغذی ثبوتوں سے مختلف ہے۔ اے او کی جانب سے اس سلسلے میں مثبت اور جلد از جلد کارروائی کا یقین دلایا گیا ہے ۔اس موقع پر وفد میں عبدالرحمن انصاری، ایڈوکیٹ توصیف شیخ ،راحیل حنیف، کارپوریٹر عبد الباقی راشن والا وغیرہ موجود تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com